18 جون ، 2023
وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہےکہ اس وقت پاکستان کی فلم انڈسٹری پر زیرو ٹیکس ہے، فلم تیار کرنے والوں کو آمدن پر ٹیکس استثنیٰ حاصل ہوگا، آلات کی درآمد، فلم میکنگ، سنیما، پروڈکشن کے آلات کی درآمد پر ٹیکس زیرو ہے، کارپوریٹ سیکٹر فلم کیلئے رقوم فراہم کرے گا تو ٹیکس کریڈٹ لیا جاسکتا ہے۔
مریم اورنگزیب نے نیشنل امیچورفلم فیسٹیول ایوارڈ کیلئے ہائی اچیورز سے خطاب کیا اور کہا کہ نیشنل امیچور فلم فیسٹیول ایوارڈ کیلئے آسٹریلیا روانہ ہورہے ہیں، 1970 سے 2000کے دوران پاکستان فلم انڈسٹری کی ترقی رکی رہی۔
سنیما گھر نہ ہونے کی وجہ سے فلم انڈسٹری میں مزید ترقی نہیں ہورہی: مریم اورنگزیب
مریم اورنگزیب نے کہا کہ سن 2000 کے بعد فلم انڈسٹری میں ترقی کا سفر شروع ہوا، بڑے میڈیا ہاؤسز نے فلمیں بنائیں جس سے انڈسٹری بحال ہونا شروع ہوئی، سنیماگھر نہ ہونے کی وجہ سے فلم انڈسٹری میں مزید ترقی نہیں ہورہی اور ملٹی اسکرین سنیما مہنگے ہونے سے عوام کا فلم دیکھنا چیلنج بن چکا ہے۔
وزیر اطلاعات نے یہ بھی کہا کہ 2017ء میں حکومت نے پہلی فلم پالیسی جاری کی، فلم پالیسی میں فلم، ڈرامہ اور موسیقی کی بحالی کا وژن فراہم کیا گیا، 2018 میں ہم نے فلم پالیسی کو بجٹ میں شامل کیا اور گزشتہ سال وزارت اطلاعات کے تحت فلم ڈویژن کا آغاز کیا۔
مریم اورنگزیب نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ اس وقت پاکستان کی فلم انڈسٹری پر زیرو ٹیکس ہے، فلم تیار کرنے والوں کو آمدن پر ٹیکس استثنیٰ حاصل ہوگا، آلات کی درآمد، فلم میکنگ، سنیما اور پروڈکشن کے آلات کی درآمد پر ٹیکس زیرو ہے،کارپوریٹ سیکٹر فلم کیلئے رقوم فراہم کرےگا تو ٹیکس کریڈٹ لیا جاسکتا ہے۔
حکومت فلم، ڈاکیومنٹری اور ڈرامہ تیار کرنے پر فنڈز فراہم کرے گی: مریم اورنگزیب
انہوں نے یہ بھی کہا کہ فلم میکنگ کے اندر کنٹری بیوشن یا فنڈ فراہم کرنے پربھی ٹیکس استثنیٰ حاصل ہوگا، موجودہ حکومت نے فلم کے شعبے میں بہت سی مراعات دی ہیں، حکومت پاکستان کا فلم فنانس فنڈ شروع ہو رہا ہے، حکومت پاکستان نے 2 ارب روپے کے فلم فنانس فنڈ کا اعلان کیا ہے اور حکومت فلم، ڈاکیومنٹری اور ڈرامہ تیار کرنے پر فنڈز فراہم کرے گی، سنیما گھروں کو 10 سال کیلئے ٹیکس فری کیا گیا ہے، سنیما گھروں کی آمدن پربھی کوئی ٹیکس نہیں لگایا گیا، عام عوام، متوسط اور نچلے طبقے کیلئے تفریح کا کوئی ذریعہ نہیں ہے۔
مریم اورنگزیب نے فلم کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اُن لوگوں نے مولاجٹ نہیں دیکھی جنہوں نے پچھلی مولاجٹ کو ہٹ کروایا تھا، پاکستان کے بیانیے کو صرف اسکرین ٹورازم سے فروغ دیا جاسکتا ہے، فلم کے شعبے میں 5 سے 10 سال کیلئے بہت سی مراعات دی گئی ہیں۔