31 دسمبر ، 2012
راچی…وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے صوبے میں سیم اور تھور زدہ علاقوں میں پانی کی سطح کو کم کرنے کے لئے لگائے گئے ٹیوب ویلوں کے غیر فعال ہونے کانوٹس لیا ہے اور ہدایت دی ہے کہ ایسے افراد کے خلاف موثر کاروائی کی جائے جوکہ ٹیوب ویلوں کی چوری یا انہیں نقصان پہنچانے میں ملوث ہیں۔انہوں نے یہ بات وزیر اعلیٰ ہاوٴس کراچی میں سیم اور تھور اور اسکارپ اسکیم کے تحت چلنے والے ٹیوب ویلوں کے حوالے سے متعلق محکمہ آبپاشی کے اجلاس کے دوران کہی۔ اجلاس میں چیف سیکریٹری سندھ سمیت محکمہ آبپاشی کے حکام نے شرکت کی۔وزیراعلیٰ سندھ نے کہاکہ ’ اسکارپ ٹیوب ویل ڈویژن ‘ کا متعلقہ سیکشن موثر طریقے سے کام نہیں کررہا جس کے باعث زیر زمین پانی کی سطح میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ انہیں 80 فیصد غیر فعال ٹیوب ویلوں کی رپورٹ ملی ہے جس کی تحقیقات کی جا رہی ہے،ذمہ دار افراد کے خلاف کاروائی کی جائے گی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ اس وقت مجموعی طور پر تین ہزار 657 ٹیوب ویلوں میں سے ایک ہزار401 ٹیوب ویل بند ہیں۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ دو ماہ میں ٹیوب ویلوں کی مرمت کرکے انہیں فعال بنایا جائے