31 دسمبر ، 2012
اسلام آباد…وزیراعظم راجا پرویز اشرف نے ٹیکسٹائل صنعت کو آج رات 12 بجے سے بجلی کی16 گھنٹے فراہمی یقینی بنانے کے احکامات جاری کر دیئے، چیئرمین اپٹما کا کہنا ہے کہ ٹیکسٹائل صنعت آج رات سے کام شروع کر دے گی۔ اپٹما کے وفد نے اسلام آباد میں وزیراعظم راجہ پرویزاشرف سے ملاقات کی اور ٹیکسٹائل صنعت کو بجلی کی عدم فراہمی کے باعث ہونے والے نقصانات اور اپنے تحفظات سے آگاہ کیا۔ وزیراعظم نے اس موقع پر ہدایات جاری کیں کہ ٹیکسٹائل صنعت کو آج رات 12 بجے سے بجلی کی 16 گھنٹے فراہمی یقینی بنائی جائے اور صنعت کو لوڈ شیڈنگ سے متاثر نہ ہونے دیا جائے۔وزیراعظم سے ملاقات کے بعد چیئرمین اپٹما احسن بشیرنے جیو نیوز کو بتایا کہ رواں ہفتے ٹیکسٹائل صنعت کو 16 گھنٹے بلاتعطل بجلی فراہم کی جائے گی جبکہ وزیراعظم نے آئندہ ہفتے بجلی کی پیداوار بڑھنے پر ٹیکسٹائل صنعت کو مزید بجلی دینے کی بھی ہدایات جاری کی ہیں۔