01 جنوری ، 2013
لندن…متحدہ قومی موومنٹ کے قائدالطاف حسین نے کہاہے کہ پاکستان کوبچانے اورفرسودہ نظام کوبدلنے کیلئے انقلابی جدوجہد کاآغازہوچکاہے لہٰذا مسلح افواج اورقومی سلامتی کے اداروں کو چاہیے کہ وہ بھی ملک کوبچانے کیلئے انقلاب کی اس لہر کا ساتھ دیں کیونکہ اگر پاکستان اسی طرح چلتارہاتوملک کوناقابل تلافی نقصان پہنچے گااوراگر خدانخواستہ ایساہواتوقومی سلامتی کے ادارے بھی اس نقصان کے ذمہ دارہوں گے ۔ انہوں نے یہ بات ایم کیوایم کے مرکزنائن زیرو اور حیدرآبادزون پر جمع ہونے والے ایم کیوایم کے ہزاروں کارکنوں سے فون پر خطاب کرتے ہوئے کہی۔ الطا ف حسین نے کہاکہ میں گزشتہ 35 برسوں سے پاکستان میں غریب اورمڈل کلاس آرڈرکیلئے جدوجہدکررہاہوں،ہم نے فرسودہ نظام کی تبدیلی اورملک بھرمیں حق پرستانہ نظام کے قیام کیلئے مہاجر قومی موومنٹ کومتحدہ قومی موومنٹ میں تبدیل کیا لیکن پھربھی ہمیں فرزندزمین تسلیم نہیں کیاگیا ، ہمیں غیرملکی ہونے کے طعنے دیے گئے اورآج تک دیئے جاتے ہیں ،ہم نے ملک کی خاطر اسے بھی برداشت کیا، ہم نے اپنی جدوجہدکادائرہ وسیع کرناچاہاتوہم پرریاستی مظالم کے پہاڑتوڑے گئے اورہمارے ہزاروں ساتھیوں کوشہیدکردیاگیاجس میں الطاف حسین کے خاندان کاخون بھی شامل ہے۔ہمارے شہیدوں کی قربانیاں ہیں کہ آج اللہ تعالیٰ نے ایسا سلسلہ قائم کردیاہے کہ ملک کا فرسودہ نظام بدلنے کیلئے آج ایک آوازپنجاب سے بھی اٹھی ہے اوراب نظام کی تبدیلی کیلئے ایک طرف ڈاکٹرطاہرالقادری ہیں تودوسری طرف الطاف حسین موجودہے۔انہوں نے کہاکہ قائداعظم اورعلامہ اقبال ملے تو پاکستان کی تشکیل ہوئی اورآج پاکستان کوبچانے کیلئے شہرقائد اورشہراقبال سے ا ٹھنے والی دو مضبوط آوازیں آپس میں مل گئی ہیں اور شہرقائد سے الطا ف حسین اورشہراقبال سے ڈاکٹرطاہرالقادری پاکستان کوبچانے اورتعمیرپاکستان کی جدوجہدکیلئے میدان عمل میں آگئے ہیں تاکہ پاکستان کوایسی ریاست بنائیں جس کا خواب قائد اعظم اورعلامہ اقبال نے دیکھاتھا۔الطا ف حسین نے ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی ، سیکٹرز اورزونوں کے عہدیداروں کوہدایت کی کہ وہ 14جنوری کے انقلابی مارچ کیلئے تیاریاں شروع کردیں ، اس سلسلے میں عطیات جمع کرنے کیلئے کیمپ لگائیں، عطیات کے خصوصی بکس رکھیں اورعوام سے رضاکارانہ بنیادوں پرعطیات جمع کریں، کارکن اور ہمدردعوام 14 جنوری کے انقلابی مارچ کیلئے ایم کیوایم کی بھرپور مالی اعانت کریں ،جس کی جس قدر استطاعت ہووہ عطیات جمع کرائے تاکہ اس انقلابی مارچ کیلئے انتظامات کئے جاسکیں۔ انہوں نے ڈیفنس، کلفٹن، بہادرآباد اوردیگرپوش علاقوں کے تاجروں اوراہل ثروت افراد سے اپیل کی کہ وہ بھی ملک سے فرسودہ جاگیردارانہ نظام کی تبدیلی کیلئے بھرپورساتھ دیں اوراس مقصد ہرگھرسے ایک آدمی تحریک کیلئے دیدیں اور اگرایک آدمی نہیں توایک آدمی کی تنخوا ہ بطورعطیہ اس انقلابی مارچ کے فنڈ میں جمع کرادیں۔الطا ف حسین کی اپیل پرکارکنوں کے اجتماع میں چادربچھائی گئی اورکارکنوں نے رضاکارانہ طورپراپنی جیب سے نکال کر بڑی تعدادمیں عطیات جمع کرائے ۔جبکہ لانگ مارچ کیلئے یہ عطیات مسلم کمرشل بنک واٹر پمپ نواز کورٹ برانچ فیڈرل بی ایریا کے اکاؤنٹ نمبر039-8830-8010-008-63پر جمع کرائے جاسکتے ہیں اس کے علاوہ یہ عطیات عوام و مخیرحضرات از خودبھی ایم کیوایم کے مرکز نائن زیرو عزیز آباد یا پھر ملک بھر میں ایم کیوایم کے تحت قائم کئے گئے فنڈریزنگ کیمپوں پر جمع کراسکتے ہیں۔