28 جون ، 2023
لاہور میں سابق گورنر پنجاب اور سینئر وکیل لطیف کھوسہ کےگھر پر فائرنگ کرنے والے ملزم کو گرفتار کرلیا گیا۔
ڈی آئی جی انویسٹی گیشن لاہور کامران عادل نے اپنے دفتر میں ہنگامی پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ گرفتار ملزم محسن نے پی ٹی آئی رہنما زبیر نیازی کےکہنے پر لطیف کھوسہ کے گھر پر فائرنگ کی تھی جس کےلیے 10 لاکھ روپے رقم طے ہوئی اور ایک لاکھ روپے ایڈوانس دیے گئے تھے۔
ڈی آئی جی انویسٹی گیشن کا کہنا تھا کہ ملزم پہلے ہی فائرنگ کے 14مقدمات میں مطلوب ہے، ملزم کا اگلا ہدف بیرسٹر اعتزاز احسن تھے، ملزم محسن عرف لمبا ملت پارک کے علاقے سمن آباد کا رہائشی ہے۔
کامران عادل کے مطابق ملزم کو وکلا اور حکومت کے تعلقات میں کشیدگی پیدا کرنے کے لیے استعمال کرنا تھا، ملزم نے پولیس حراست میں بیان دیا کہ اس نے کاشف نامی ساتھی کے ساتھ فائرنگ کی۔
خیال رہے کہ 16 جون کو لاہور میں پنجاب کے سابق گورنر لطیف کھوسہ کے گھر پر نامعلوم افراد کی فائرنگ کے واقعے میں ان کا ڈرائیور زخمی ہو گیا تھا۔