02 جولائی ، 2023
اسکاٹ لینڈ سے شکست کے بعد ورلڈکپ 2023 کیلئے کوالیفائی نہ کرنے پر ویسٹ انڈین کرکٹرز نے اپنے ہی کرکٹ بورڈ کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
ورلڈکپ کوالیفائر سپر سکس میں اسکاٹ لینڈسے 7 وکٹوں سے شکست کے بعد ویسٹ انڈیز ورلڈکپ کیلئے کوالیفائی کرنے میں ناکام ہوگئی ہے جس پر 2016 میں ویسٹ انڈیز کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ جتوانے والے آل راؤنڈر کارلوس بریتھ ویٹ اپنے ہی کرکٹ بورڈ پر برس پڑے اور برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ وہ کم ترین جگہ ہے جہاں آپ جا سکتے ہیں۔
کارلوس بریتھ ویٹ نے کہا کہ یہ چیز عرصہ دراز سے ہماری طرف بڑھ رہی تھی، گزشتہ برس ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ کا سپر 12 مرحلہ مس کیا، انہوں نے کہا کہ وائٹ بال کرکٹ میں گزشتہ برسوں سے مشکلات رہی ہیں، ویسٹ انڈیز کرکٹ کو بے شمار مسائل کا سامنا ہے، ٹیلنٹ کی شناخت نہ کر پانا مسائل میں سے ایک ہے۔
دوسری جانب سابق ویسٹ انڈیز ٹیسٹ فاسٹ بولر این بشپ کا کہنا تھا کہ یہ ڈرامائی انداز سے اپنے ایک مقام سے گرنا ہے، ویسٹ انڈیز ٹیم ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ دو دو بار جیت چکی ہے
انہوں نے کہا کہ ویسٹ انڈیز کی ٹیم بلند عزائم کے ساتھ کوالیفائنگ راؤنڈ کھیلنے کے لیے آئی لیکن گروپ کے مرحلے میں کارکردگی انتہائی مایوس کن رہی، کپتان تبدیل کرو، کوچ تبدیل کرو ، جو چاہے تبدیلی لاؤ لیکن نتائج توقعات کے برعکس ہیں۔
ورلڈ کپ کوالیفائر سپر سکس میں اسکاٹ لینڈ سے شکست کے ساتھ ہی دو مرتبہ کا عالمی چیمپئن ویسٹ انڈیز پہلی بار ورلڈکپ کیلئے کوالیفائی نہ کرسکا۔ یہ ورلڈکپ کوالیفائرز میں ویسٹ انڈیز کی مسلسل تیسری شکست تھی جس کے بعد وہ پہلی مرتبہ ورلڈ کپ کیلئے کوالیفائی کرنے میں ناکام ہوگئی۔
بھارت میں ہونے والا کرکٹ ورلڈ کپ 2023 ویسٹ انڈیز کے بغیر ہونے والا پہلا ورلڈکپ ہوگا۔