Time 04 جولائی ، 2023
کھیل

نانگا پربت میں پھنسے پاکستانی کوہ پیما آصف بھٹی کو تاحال ریسکیو نہ کیا جاسکا

آصف بھٹی کی مدد کیلئے دو غیر ملکی کوہ پیما بھی کیمپ فور پر رک گئے ہیں— فوٹو: فائل
آصف بھٹی کی مدد کیلئے دو غیر ملکی کوہ پیما بھی کیمپ فور پر رک گئے ہیں— فوٹو: فائل

دنیا کی نویں  بلند ترین چوٹی نانگا پربت پر پھنسے پاکستانی کوہ پیما آصف بھٹی تاحال بیس کیمپ پر واپس نہیں پہنچ سکے ہیں، ان کو بیس کیمپ پر لانے کیلئے 2 ریسکیو کوہ پیماؤں نے پیش قدمی شروع کردی ہے۔ 

اسلام آباد کے آصف بھٹی گزشتہ روز برف کوری کی وجہ سے نانگا پربت کے کیمپ فور پر پھنس گئے تھے جو  7500 میٹر کی بلندی پر ہے۔

ان کو واپس لانے کیلئے آج صبح ہیلی کاپٹر کا انتظام کیا گیا تاہم خراب موسم کی وجہ سے ہیلی کاپٹر اڑان نہ بھرسکا۔

اطلاعات کے مطابق اٹلی اور آذربائیجان کے دو کوہ پیما کیمپ فور  پر آصف بھٹی کی مدد اور ان کا ساتھ دینے رک گئے تھے اور وہ آہستہ آہستہ انہیں کیمپ تھری کی جانب لارہے ہیں۔

آصف بھٹی کیمپ تھری پر پہنچ چکے ہیں اور کل مزید نیچے لانے کا کام ہوگا، آج رات وہ کیمپ تھری پر ہی قیام کریں گے۔

 دوسری جانب قراقرم ایکسپیڈیشن کے دو ریسکیو کوہ پیما شاہ دولت اور محمد یونس نے ہیلی کاپٹر کے بغیر ہی کیمپ نانگا پربت پر پیش قدمی شروع کردی ہے اور وہ رات تک کیمپ ٹو پہنچ جائیں گے۔ 

خیال رہے کہ گزشتہ روز اسی مہم کے دوران دنیا کی نویں بلند ترین چوٹی نانگا پربت سر کرنےکی کوشش میں ہسپانوی سیاح چل بسا تھا۔ ہسپانوی سیاح کی موت دل کا دورہ پڑنے کے باعث ہوئی۔

8126 میٹر بلند نانگا پربت دنیا کی نویں بلند ترین چوٹی ہے جسے گزشتہ روز پاکستان کی خاتون کوہ پیما نائلہ کیانی نے سر کیا ہے، وہ نانگا پربت سر کرنے والی پہلی پاکستانی کوہ پیما بن گئی ہیں۔

نائلہ کیانی کے علاوہ ثمینہ بیگ اور دیگر پاکستانی کوہ پیماؤں نے بھی نانگا پربت سر کیا۔

مزید خبریں :