02 جنوری ، 2013
اسلام آباد…وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک نے خدشہ ظاہرکیاہے کہ دہشت گرد چہلم امام حسین پر کارروائیاں کر سکتے ہیں،صوبائی حکومتوں کو سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات یقینی بنانے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں،موبائل فون سروس اور موٹر سائیکلز کی بندش کا فیصلہ صوبے کریں گے۔وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک کی زیر صدارت اسلام آباد میں اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں شہداء کربلا کے چہلم پر سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیاگیا۔اجلاس میں وفاقی سیکریٹری داخلہ،چیف کمشنر اسلام آباد، آئی جی اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ چہلم حضرت امام حسین کے موقع پر صوبوں نے سیکیورٹی خدشات کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ عزاداری جلوسوں کی فضائی نگرانی کے علاوہ واک تھرو گیٹس لگائے جائیں۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ وفاقی دارلحکومت میں چہلم کے موقع پر دو ہزار پولیس اہلکار سیکیورٹی کے فرائض انجام دیں گے، ایس پی کی نگرانی میں جلوس کے راستے کو تین حصوں میں تقسیم کیا گیاہے۔