02 جنوری ، 2013
اسلام آباد…نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی(نادرا) نے کھوکھر اپار سرحد پر انٹی گریٹیڈ بارڈر مینجمنٹ سسٹم (آئی بی ایم ایس) نصب کر دیا ہے، کھوکھراپار پاکستان کا پہلا ریلوے لنک ہے جس پر یہ سسٹم لگایا گیا ہے۔ نادرا کے ترجمان کا کہنا ہے کہ یہ نظام خاص طور پر پاکستان کے امیگریشن قوانین کی روشنی میں ترتیب و تشکیل دیا گیا ہے جو غیر قانونی داخلے، جعلی دستاویزات کے استعمال، انسانی اسمگلنگ ، اور دیگر سفری بے قاعدگیوں کو روکنے میں مدد دیتا ہے۔ کھوکھراپار بارڈر اسٹیشن پر نظام لگائے جانے کے بعد سے اب تک تقریباً 800 مسافروں کو پراسس بھی کیا جا چکا ہے۔ کراچی ، لاہور، اسلام آباد، پشاور کوئٹہ کے بین الاقوامی ہوائی اڈوں اور پاک افغان تورخم سرحد پر یہ سسٹم پہلے ہی لگا دیا گیا ہے۔