Time 10 جولائی ، 2023
پاکستان

تسلیم کرتا ہوں گورنر کے پی کی حمایت میری سنگین غلطی ہے: ایمل ولی

گورنرپختونخوا جے یو آئی کیلئے باعث شرمندگی بن رہے ہیں: صدر اے این پی— فوٹو:فائل
گورنرپختونخوا جے یو آئی کیلئے باعث شرمندگی بن رہے ہیں: صدر اے این پی— فوٹو:فائل

جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) اور عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے درمیان گورنر خیبرپختونخوا کے معاملے پر اختلافات شدت اختیار کر گئے۔

اے این پی خیبرپختونخوا کے صدر ایمل ولی خان نے مولانا فضل الرحمان کی صحافیوں سے گفتگو پر ردعمل دیتے ہوئے بیان میں کہا ہے کہ حکومتوں کے بھوکے اور بھکاری نہیں ہیں اور میں نے کسی بزرگ کی بڑی کرپشن کی بات نہیں کی۔

انہوں نے کہا کہ میں نے صرف گورنر کی بات کی جو قوم کو پتہ ہے وہ مولانا اور ان کی پارٹی کیلئے شرم کا باعث بن چکے ہیں۔

ایمل ولی خان کا کہنا تھاکہ اپنے سمدھی اور فیصلوں کو اپنانے کی ہمت پیدا کریں، غلام علی کی حمایت میری عظیم غلطی ہے اور میں اپنی یہ غلطی تسلیم کرتا ہوں، مجھ معلوم نہیں تھا کہ وہ کیسا بندہ ہے، آپ کے گھر کا بندہ ہے ، آپ انہیں خوب جانتے تھے۔ 

ان کا کہنا تھاکہ آپ کی حکومت ایم ایم اے کی صورت میں ہی ممکن ہے، وگرنہ آپ نے پی ٹی آئی کو بخش ڈالا ہے، ایک بار پھر دہراتا ہوں، گورنرپختونخوا جے یو آئی کیلئے باعث شرمندگی بن رہے ہیں۔

خیال رہے کہ گورنر خیبرپختونخوا حاجی غلام علی کا تعلق جمعیت علمائے اسلام سے ہے اور وہ مولانا فضل الرحمان کے قریبی عزیز ہیں۔

گورنر خیبرپختونخوا کے معاملے پر وفاق کی اتحادی جماعتوں میں اختلافات موجود ہیں اور گزشتہ دنوں بھی  اتحادیوں نے گورنر کو عہدے سے ہٹانے کا مطالبہ کیا تھا۔

مزید خبریں :