11 جولائی ، 2023
عوامی نیشنل پارٹی خیبر پختونخوا کے صدر ایمل ولی خان کے بیان پر جے یو آئی کے صوبائی ترجمان عبدالجلیل جان نے ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ بلدیاتی انتخابات میں شکست کے بعد اے این پی کے صوبائی صدر ایمل ولی خان کے سر پر اب آئندہ عام انتخابات کی شکست کا خوف سوار ہے۔
عبدالجلیل جان کے مطابق جے یو آئی قائدین کے خلاف بیانات دیکر ایمل ولی خان اپنا قد بڑھانے کی کوشش کر رہے ہیں، ایمل ولی خان کے مولانا فضل الرحمان سے متعلق ریمارکس کسی تربیت یافتہ سیاستدان کے نہیں بلکہ غیر سنجیدہ شخص کی بھڑک ہے۔
ترجمان جے یو آئی کا کہنا ہے کہ اے این پی چارسدہ اور مردان تک محدود ہو چکی لیکن لگتا ہے کہ اب ان اضلاع سے بھی فارغ ہو چکی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ ضمنی انتخابات کی مہم کے موقع پر صوبے کے گورنر کے لیےحاجی غلام علی کا نام ایمل ولی خان نے پیش کیا تھا، اب ان کے مخالف بیانات دیکر اپنی غلطی کا ڈھنڈورا بھی پیٹ رہے ہیں۔
عبدالجلیل جان نے کہا کہ ایمل ولی خان ہمت کرکے پارٹی کی صوبائی صدارت سے استعفیٰ دیں اور کسی سنجیدہ شخص کو یہ منصب حوالے کر دیں، ایمل ولی خان کے غیر سنجیدہ بیانات پوری اے این پی کے لیے سوالیہ نشان ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ قوم جاننا چاہتی ہے کہ خیبر پختونخوا میں خوشگوار سیاسی ماحول کو کس کے اشارے پر پراگندہ کیا جارہاہے۔