12 جولائی ، 2023
پشاور: عوامی نیشنل پارٹی نے خیبرپختونخوا کی نگران کابینہ میں شامل اپنے وزیرصنعت عدنان جلیل کو ہٹانے کا فیصلہ کرلیا۔
ذرائع کے مطابق اس سلسلے میں پارٹی کے صوبائی صدر ایمل ولی خان نے نگران وزیراعلیٰ کو فیصلے سے آگاہ کردیا ہے۔
اے این پی کے ذرائع کا کہنا ہے عوامی مفاد کی بجائے عدنان جلیل کا زیادہ ترجھکاؤ گورنرکی طرف ہے، عدنان جلیل خیبرپختونخوا اکنامک زونز ڈیولپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی میں آڈٹ کرانا چاہتے تھے اور انہوں نے کمپنی کے سی ای او کو سوالنامہ بھیجا تھا لیکن انہوں نے جواب نہیں دیا۔
عدنان جلیل کے ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ عدنان جلیل پر اس معاملے کو نہ چھیڑنے کے لیے دباؤ ڈالا گیا۔
ذرائع کے مطابق عدنان جلیل کی جگہ مشیرکھیل مطیع اللہ مروت کو وزیر بنائے جانے کا امکان ہے جب کہ اے این پی کے اشرف داوڑ کو بھی نگران کابینہ کا حصہ بنایا جائے گا۔
دوسری جانب جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے نگران صوبائی وزیر صنعت عدنان جلیل نے کہا کہ میرے علم میں آیا ہے کہ مجھے ہٹانے کی سمری بھیجی گئی ہے، میں نے ایمانداری اور خلوص کے ساتھ کام کیا، کرپشن روکنے کے لیےکام کر رہا تھا لگتا ہے اس وجہ سے ہٹایا جار رہا ہے۔