02 جنوری ، 2013
اسلام آباد…پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاروں اور کاروباری افراد کو راغب کرنے کے لیے حکومت نے پاکستان آنے پر انہیں انشورنس کی سہولت دینے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ ترجمان وزیر اعظم ہاوٴس کے مطابق انشورنس کی سہولت دینے کے لیے وزارت تجارت اور نیشنل انشورنس کمپنی کے درمیان معاہدہ طے پا گیا ہے۔ اس سلسلے میں وزیر اعظم کو بریفنگ دیتے ہوئے سیکریٹری تجارت منیر قریشی نے بتایا کہ گزشتہ 30 سال کے دوران 29 ممالک نے اپنے شہریوں کو پاکستان آنے کے متعلق منفی ایڈوائزری جاری کی ہے جس کی بڑی وجہ غیر ملکیوں کے لیے انشورنس کی سہولت نہ ہونا یا مہنگے داموں دستیاب ہونا ہے۔نیشنل انشورنس کمپنی غیر ملکی تاجروں کو 2 لاکھ، تین لاکھ اور پانچ لاکھ ڈالر کی انشورنس فراہم کرے گی۔ اس کے علاوہ حکومت پاکستان ان کی سیکیورٹی بھی یقینی بنائے گی۔