Time 13 جولائی ، 2023
پاکستان

گلگت بلتستان کے نو منتخب وزیراعلیٰ پولیس کو مطلوب نکلے

گلبر خان کے خلاف 24 لاکھ روپے کے جعلی چیکس کی ایف آئی آر مردان کے تھانا پارہوتی میں درج ہے۔ فوٹو فائل
گلبر خان کے خلاف 24 لاکھ روپے کے جعلی چیکس کی ایف آئی آر مردان کے تھانا پارہوتی میں درج ہے۔ فوٹو فائل

گلگت بلتستان کے نومنتخب وزیر اعلیٰ گلبر خان مردان پولیس کو مطلوب نکلے۔

گلبر خان کے خلاف 24 لاکھ روپے کے جعلی چیکس کی ایف آئی آر مردان کے تھانا پارہوتی میں درج ہے جس کی کاپی جیو نیوز کو موصول ہو گئی ہے۔

نومنتخب وزیراعلیٰ گلگت بلتستان گلبر خان کے خلاف ایف آئی آر 9 فروری 2015 کو درج کی گئی تھی۔

سینیٹر فیصل سلیم الرحمان نے گلبرخان کے خلاف ایف آئی آر درج کر رکھی ہے جبکہ مردان کے جوڈیشل مجسٹریٹ نے 23 نومبر 2016 کو گلبر خان کے وارنٹ گرفتاری جاری کر رکھے ہیں۔

ایف آئی آر کے مطابق ملزم گلبر خان اور سائل فیصل سلیم الرحمان کے درمیان رقم کا تنازع تھا، ملزم گلبر خان نے سائل فیصل سلیم الرحمان کو 12، 12 لاکھ روپےکے 2 چیک دیے لیکن سائل دونوں چیکس تیسری مرتبہ بھی متعلقہ بینک سے کیش نہ کرا سکے۔

ایف آئی ار کے مطابق ملزم نے سائل کے ساتھ فراڈ اور دھوکا دہی کی جو جرم ہے۔

جوڈیشل مجسٹریٹ کی جانب سے جاری ورانٹ کے متن کے مطابق "ملزم گلبر خان کو مفرور قرار دے کر وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہیں۔ ملزم جہاں بھی ملے گرفتار کرکے عدالت میں پیش کیا جائے۔ "

گلبر خان کے خلاف درج مقدمے کا متن
گلبر خان کے خلاف درج مقدمے کا متن

پولیس کے مطابق ملزم کی گرفتاری کے لیے کئی چھاپے بھی مارے گئے تاہم ملزم کو گرفتار نہ کیا جا سکا۔

خیال رہے کہ جی بی اسمبلی میں پاکستان تحریک انصاف کے ٹکٹ پر الیکشن جیتنے والے گلبر خان نے فارورڈ بلاک بنایا تھا اور انہیں مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کے امیدواروں کی بھی حمایت حاصل کی جس کے باعث وہ حال ہی میں جعلی ڈگری کیس میں نا اہل ہونے والے خالد خورشید کی جگہ نئے وزیراعلیٰ گلگت بلتستان منتخب ہو گئے ہیں۔

مزید خبریں :