Time 20 جولائی ، 2023
پاکستان

سپریم کورٹ نے پرویز مشرف کی نااہلی کیخلاف دائر درخواست خارج کردی

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

سپریم کورٹ نے سابق صدر   جنرل ریٹائرڈ پرویز  مشرف کی نااہلی کے خلاف دائر درخواست خارج کردی ہے۔

کیس کی سماعت چیف جسٹس پاکستان کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نےکی۔

ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ  درخواست گزار  پرویز  مشرف وفات پاچکے ہیں،  2013 کے عام انتخابات میں پرویز مشرف کی نااہلی کو چیلنج کیا گیا تھا، اب 2013 کی اسمبلی مدت بھی ختم ہو چکی ہے۔

سپریم کورٹ نے پرویز مشرف کی نااہلی کی درخواست غیر موثر ہونے پر خارج کردی۔

خیال رہےکہ پرویز مشرف نے 2013  کے عام انتخابات میں چترال سے کاغذات نامزدگی جمع کروائے تھے، ریٹرننگ آفیسر نے  پرویز مشرف کے چترال سے کاغذات نامزدگی مسترد کر دیے تھے جس کے خلاف انہوں نے 2013 میں اپنے کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کے خلاف سپریم کورٹ میں اپیل دائر کی تھی۔

 10 سال قبل دائرکی گئی اپیل پرویز مشرف کے انتقال کے 5 ماہ بعد رواں ماہ 14 جولائی کو سپریم کورٹ میں سماعت کے لیے مقرر کی گئی تھی۔

یاد رہےکہ سابق صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف رواں برس 5 فروری کو طویل علالت کے بعد بیرون ملک انتقال کرگئے تھے۔

مزید خبریں :