27 جولائی ، 2023
ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد نے فوج کے خلاف بغاوت پر لوگوں کو اکسانے کے مقدمے میں پی ٹی آئی رہنما شہباز گل کو اشتہاری قرار دینے کا تفصیلی فیصلہ جاری کردیا۔
ایڈیشنل سیشن جج طاہرعباس سِپرانے 2صفحات پر مشتمل تفصیلی فیصلہ جاری کیا جس میں کہا گیا ہےکہ شہباز گل پہلے کی طرح پھر سے عدالت سے غیر حاضر رہے، انہوں نے وارنٹ منسوخی اور ویڈیو لنک پر حاضری کی درخواست دی۔
عدالتی فیصلے میں کہا گیا ہےکہ وکیل صفائی کے مطابق شہباز گل سخت علیل ہیں، عدالت نہیں آسکتے، اشتہاری قرار دینے کی کارروائی عدالت میں پیشی کے بغیر ختم نہیں کی جاسکتی، شہباز گل نے مخصوص وقت کے لیے بیرون ملک جانےکے ہائیکورٹ کےحکم کی خلاف ورزی کی۔
تفصیلی فیصلے میں مزید کہا گیا کہ پولیس نےشہباز گل کےخلاف اشتہاری قرار دینےکی کارروائی سے متعلق رپورٹ جمع کرادی، پولیس کے مطابق شہبازگل کی رہائشگاہ پر گرفتاری کرنے کی کوشش کی گئی، شہبازگل کی رہائشگاہ پراشتہاری قرار دینےکا اشتہار چسپاں کردیاگیا ہے۔
عدالت نے کہا کہ شہبازگل جان بوجھ کر اپنی گرفتاری سے بھاگ رہے ہیں، عدالت انہیں اشتہاری قرار دیتی ہے اور ان کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری بھی جاری کیے جاتے ہیں، نادرا رپورٹ کے مطابق شہبازگل کا شناختی کارڈ بھی بلاک کردیا گیا ہے۔
عدالت نے فیصلے میں حکم دیا کہ ڈپٹی کمشنر فیصل آباد اور اسلام آباد شہبازگل کی جائیداد سے متعلق رپورٹ 31جولائی تک دیں۔