27 جولائی ، 2023
کراچی کے علاقے ڈیفنس میں فائرنگ سے اکرم ابڑو اور ان کے بیٹے شہریار ابڑو کے قتل کیس میں اہم پیشرفت ہوئی ہے۔
ذرائع کے مطابق تحقیقاتی حکام نے واردات کے سلسلے میں ایک شخص کو حراست میں لیا ہے اور ملزم سے دوران تفتیش اہم انکشافات متوقع ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مقتولین کے شاہوانی اور لہری برادری سے زمینوں پر اختلافات چل رہے تھے۔
رکن اسمبلی کے بھائی اور بھتیجے کا قتل
کراچی کے علاقے ڈیفنس میں رکن سندھ اسمبلی اسلم ابڑو کے بھائی اور بھتیجے کو گزشتہ روز کراچی میں قتل کیا گیا۔
ایس ایس پی ساؤتھ اسد رضا نے کہا کہ لگتا ہے واقعے میں ملوث ملزمان دوسرے شہر سے آئے تھے، ملزمان نے فائرنگ سے قبل مکمل ریکی کی تھی، ملزمان کے روٹ اور پلان کی منصوبہ بندی سے متعلق معلومات ملی ہیں، ملزمان نے خیابان شمشیر سے گاڑی کا پیچھا کیا اور ڈیفنس فیز7 کے قریب گاڑی پر فائرنگ کی۔
ایس ایس پی نے بتایا کہ جس جگہ فائرنگ کی گئی وہاں سی سی ٹی وی کیمرے نصب نہیں تھے، فائرنگ کے بعد ملزمان قیوم آباد چورنگی کی طرف فرار ہوئے، ملزمان نے موٹرسائیکل اور گاڑی کا استعمال کیا ، ملزمان کے زیر استعمال گاڑی کی تفصیلات حاصل کرلی گئی ہیں۔
ڈی آئی جی نے 8 رکنی تحقیقاتی کمیٹی بنادی
ڈی آئی جی نے واقعے کی تحقیقات کے لیے 8 رکنی تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دی ہے، جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا، کمیٹی ڈی آئی جی ساؤتھ عرفان بلوچ کی سربراہی میں بنائی گئی ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق کمیٹی میں ایس ایس پی ساؤتھ اسدرضا،ایس ایس پی جیکب آباد ثمیرنور،ایس پی انویسٹی گیشن ساؤتھ ابریز عباسی، انچارج سی ٹی ڈی راجہ عمر خطاب، ڈی ایس پی ڈیفنس آغا اصغر ، ایس ایچ او اور ایس آئی او تھانہ ڈیفنس بھی کمیٹی کا حصہ ہیں۔
اس کے علاوہ انچارج آئی ٹی سیکشن جیکب آباد شاہ فہد اعوان بھی کمیٹی میں شامل ہیں۔