02 اگست ، 2023
اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپورکے سابق وائس چانسلر (وی سی) ڈاکٹراطہرمحبوب کو امریکا جانے سے روک دیاگیا۔
وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) ذرائع کے مطابق ایف آئی اے امیگریشن کراچی نے ڈاکٹر اطہر محبوب کو امریکا جانے سے روکا۔
ایف آئی اے ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق وی سی نے دو روز قبل کراچی ائیرپورٹ سے امریکا جانے کی کوشش کی۔
ذرائع بتاتے ہیں کہ بہاولپور یونیورسٹی اسکینڈل کی تحقیقات کیلئے سابق وائس چانسلرکو آف لوڈ کیا گیا، ایف آئی اے کے سینیئر افسران نے سابق وائس چانسلرکو ملک سے باہر جانے سے روکنے کی ہدایت کی۔
ڈاکٹر اطہر محبوب 25 جولائی 2023 کو بطور وائس چانسلر بہاولپور اسلامیہ یونیورسٹی ریٹائرڈ ہوئے ہیں۔
گزشتہ دنوں اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور میں مبینہ طور پر منشیات اور ممنوعہ ادویات سمیت دیگر غیرقانونی کاموں کا معاملہ سامنے آیا تھا۔
پولیس نے یونیورسٹی کے چیف سکیورٹی آفیسر اعجاز شاہ کو چند روز قبل جبکہ ڈائریکٹر فنانس محمد ابوبکر کو گزشتہ ماہ گرفتار کیا تھا، ملزمان سے کرسٹل آئس اور ممنوعہ جنسی ادویات برآمد ہوئی تھیں۔
افسران کے موبائل فون کا فارنزک مکمل کرکے سیل فونز کی ویڈیوز، چیٹس، تصاویر سے متعلق جامع رپورٹ وزیراعلیٰ پنجاب کو بھیجی گئی جبکہ اُس وقت کے وائس چانسلر اطہر محبوب نے آئی جی پنجاب کو خط لکھ کر مقدمات کو جھوٹا قرار دیا۔
ڈاکٹر اطہر محبوب کا آئی جی پنجاب کے نام خط میں کہنا تھا کہ یونیورسٹی میں کسی قسم کا کوئی غیر قانونی کام نہیں ہوتا۔
پنجاب کی نگران حکومت نے یونیورسٹی اسکینڈل پر جوڈیشل کمیشن بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔