04 اگست ، 2023
پاکستان تحریک انصاف پارلیمنٹیرینز کے سربراہ پرویز خٹک نے پی ٹی آئی سے انتخابی اتحاد کی خواہش یا امکان کی خبر کو سراسر جھوٹ اور من گھڑت قرار دے دیا۔
گزشتہ روز جیونیوز سے گفتگو کرتے ہوئے تحریک انصاف پارلیمنٹیرینز کے ترجمان ضیااللہ بنگلش نے کہا تھاکہ پی ٹی آئی سے عام انتخابات میں اتحاد کے لیے تیار ہیں اور عام انتخابات کے لیے 19 اگست سے عوامی رابطہ مہم کا آغاز کریں گے۔
بعد ازاں جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے ترجمان پی ٹی آئی پارلیمنٹیرینز ضیاء اللہ بنگش کا کہنا تھا عام انتخابات میں پی ٹی آئی کو اتحاد کی پیشکش سے متعلق خبریں بے بنیاد ہے، پی ٹی آئی پارلیمنٹرینز کور کمیٹی کا فیصلہ ہے کہ تمام حلقوں سے اپنے امیدوار کھڑے کریں گے البتہ شمولیت کے دروازے سب کے لیےکھلے ہیں۔
تاہم جیونیوز کے ہی میزبان سلیم صافی سے گفتگو کرتے ہوئے پرویز خٹک نے کہا ہے کہ اب ایک پی ٹی آئی ہوگی اور وہ پی ٹی آئی پارلیمنٹیرینز ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی سے اتحاد کی خواہش یا امکان کی خبر سراسر جھوٹ اور من گھڑت ہے، الیکشن میں پی ٹی آئی ہوگی ہی نہیں تو ہم اس سے انتخابی اتحاد کی سوچ کیسے سکتے ہیں؟
واضح رہےکہ خیبرپختونخوا کے سابق وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے پی ٹی آئی پارلیمنٹیرینز کی بنیاد رکھی ہے جس میں سابق وزیراعلیٰ کے پی محمود خان بھی شامل ہیں۔