04 جنوری ، 2013
کراچی…محکمہ خوراک سندھ کا کہنا ہے کہ سندھ بھر میں 32 روپے فی کلو آٹا فروخت نہ کرنے والی فلارملز کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ان کی گندم کا کوٹا منسوخ کردیا جائے گا۔ سندھ سیکریٹریٹ میں محکمہ خوراک اور فلارملز ایسوسی ایشن کے حکام نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ گزشتہ ماہ کراچی کی فلار ملز کو12 لاکھ گندم کی بوریاں آٹا بنانے کے لیے فراہم کی گئیں، جو ان کی گنجائش سے 4 گنا زیادہ ہیں۔ فلار ملز کو یہ گندم 2800 روپے فی 100 کلو فراہم کی جارہی ہے، اس مناسبت سے عوام کو آٹا 32 روپے فی کلو ملنا چاہیے۔32 روپے فی کلو آٹا فروخت نہ کرنے والی فلار ملز کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ان کے گندم کا کوٹا منسوخ کردیا جائے گا۔محکمہ خوراک کے سیکریٹری نے بتایا کہ فلار ملز آٹا بنانے کے بجائے گندم سے سوجی اور سویاں بنا کر ایکسپورٹ کررہے ہیں اور آٹے کی مصنوعی قلت پیدا کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔