04 جنوری ، 2013
کراچی …سی این جی صارفین کے بعد بالآخر سندھ کے صنعتی صارفین کی باری بھی آہی گئی، آئندہ ہفتے سندھ بھر میں صنعتوں کو دو دن گیس نہیں ملے گی۔ سوئی سدرن حکام کے مطابق گیس کی زائد طلب کے باعث آئندہ ہفتے پیر کی صبح 7 بجے سے سندھ بھر میں صنعتوں کی گیس منقطع کردی جائے گی۔ حکام کے مطابق اس وقت سوئی سدرن کے پاس یومیہ 11 سو 50 ملین مکعب فٹ گیس دست یابی کے مقابلے میں 1300 ملین مکعب فٹ کی طلب ہے۔ طلب زیادہ ہونے کے باعث سسٹم میں موجود گیس کا حجم800 ملین مکعب فٹ کی سطح پر آگیا ہے۔ صنعت کاروں کے مطابق سائٹ اور نیو کراچی انڈسٹریل ایریا میں گیس پریشر کم ہونے کے باعث صنعتی سرگرمیاں پہلے ہی متاثر ہیں اور اس فیصلے سے پیداواری عمل میں مزید رکاوٹ آئے گی۔