Time 09 اگست ، 2023
پاکستان

وزیر داخلہ کے بعد وزیر دفاع نے بھی عام انتخابات 2023 میں نہ ہونے کا امکان ظاہر کر دیا

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

وفاقی وزیر داخلہ  رانا ثنا اللہ کے بعد وزیر دفاع خواجہ آصف نے بھی عام انتخابات 2023 میں نہ ہونے کا امکان ظاہر کردیا۔

جیو نیوز کے پروگرام آج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا  کہ انہیں امید ہے کہ الیکشن جنوری 2024 میں ہوجائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ جو بھی نگران وزیراعظم ہوگا وہ ہمارے اعتماد کا آدمی ہوگا ، آج شام تک اس کا فیصلہ ہو جائے گا ۔

خواجہ آصف نے کہا کہ اس وقت نگران وزیراعظم کے خواہش مند بہت لوگ ہیں ، لوگوں کی رالیں ٹپک رہی ہیں کیونکہ انہیں لگتا ہے کہ نگران سیٹ اپ لمبا چلے گا ۔ 

وزیر دفاع نے مزید کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف توشہ خانہ کے علاوہ بھی کئی کیسز ہیں  اور ہوسکتا ہے کہ نئے کیسز بھی سامنے آجائیں ۔ 

اس کے علاوہ ان کا کہنا تھا کہ میاں محمد نواز شریف کو ستمبر تک پاکستان آجانا چاہیے۔

اس سے قبل و زیر داخلہ رانا ثنااللہ نے کہا تھاکہ نگران وزیراعظم کے لیے حفیظ شیخ سمیت دیگر ناموں پر مشاورت ہو رہی ہے ابھی کوئی نام فائنل نہیں ہوا جب کہ 2023 الیکشن کا سال نہیں ہے۔

جیو نیوز کے پروگرام جیو پاکستان میں گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنااللہ نے کہا کہ آئین میں درج ہے کہ 2017 میں جو مردم شماری ہوئی اس پر دوسرا الیکشن نہیں ہوسکتا، آئین میں درج ہے کہ مردم شماری ہوجائے تو حلقہ بندیاں ضروری ہیں، نگران حکومت آئینی تقاضے کو پورا کرتے ہوئے حلقہ بندی کرائے گی، حلقہ بندیوں میں تقریباً 120 دن لگتے ہیں اس میں کئی ماہ والی بات نہیں۔

مزید خبریں :