09 اگست ، 2023
ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی میں بھارت کے راج کمل نے پاکستان ٹیم کا فزیو بن کر دوستی کی اعلیٰ مثال قائم کر دی۔
پاکستان ہاکی ٹیم ان دنوں بھارت میں ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی کھیلنے چنئی میں موجود ہے جہاں آج پاکستان کا مقابلہ بھارت سے ہوگا۔
ایک طرف جہاں گراؤنڈ میں دونوں ٹیمیں ایک دوسرے کے مد مقابل ہوگیں وہیں پاکستانی کیمپ میں بھارتی فزیو راج کمل پاکستان ٹیم کے کھلاڑیوں کی فٹنس پر کام کر رہے ہوں گے۔
پاکستان کے فزیو وقار ویزہ نہ ہونے کی وجہ سے قومی ٹیم کے ہمراہ بھارت نہیں جا سکے جس پرپاکستان ہاکی فیڈریشن نے ایشین ہاکی فیڈریشن سے فزیو فراہم کرنے کی درخواست کی تھی۔
ایشین ہاکی فیڈریشن نے بھارت کے راج کمل کو پاکستان ٹیم کا فزیو نامزد کیا جو چنئی میں پاکستان ہاکی ٹیم کے ساتھ کھلاڑیوں کی فٹنس پر کام کر رہے ہیں۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے سے گفتگو میں راج کمل نے کہا کہ پاکستانی ٹیم بہت اچھی ہے، عام طور پر کچھ ٹیموں میں انا ہوتی ہے لیکن یہ ٹیم ایسی نہیں، یہ کھلاڑی بہت مزے سے بات کرتے ہیں، پاکستانی کھلاڑیوں کے ساتھ کام کرنے پر بہت خوشی ہے اور پاکستان ٹیم کا فزیو بننا فخر کی بات ہے۔
راج کمل کا کہنا تھا جب ہم کھیلوں کی طرف آتے ہیں تو سب کچھ بھول کر ایک دوسرے کی مدد بھی کر سکتے ہیں۔