09 اگست ، 2023
ایشین ہاکی چیمپئن شپ میں پاک بھارت روایتی ٹاکرے سے قبل پاکستانی ہاکی ٹیم کے ہیڈ کوچ محمد ثقلین کا کہنا ہے کہ بھارت کے خلاف میچ کا پریشر ہوتا ہے،اس دباؤ کو کھیل پر حاوی نہیں ہونے دینا چاہیے۔
چینئی میں پاک بھارت میچ سے قبل میڈیا سے گفتگو میں ہیڈ کوچ محمد ثقلین کا کہنا تھا کہ سب نے دیکھا ہے کہ پاکستان ٹیم نوجوان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے لیکن اس کے باوجود پاکستان ٹیم طویل عرصے بعد اٹیکنگ ہاکی کھیل رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ٹیم کو ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی کی تیاری کا زیادہ موقع نہیں ملا صرف دو ماہ ملے جس میں نئے کوچنگ اسٹاف نے ذمہ داری سنھبالی ہے، ڈیرھ دو ماہ تو ٹیم کی فٹنس کو بہتر بنانے میں ہی لگ جاتے ہیں۔
ہیڈ کوچ محمد ثقلین نے کہا کہ 2014 سے پاکستان ہاکی ٹیم بھارت کے خلاف میچ نہیں جیتی، اس ٹیم میں تو 14 کھلاڑی ایسے ہیں جو پہلی بار بھارت کے خلاف میچ کھیلیں گے، بھارتی ٹیم پاکستان کی نسبت کافی تجربہ کار ہے، بھارت کا شمار اس وقت دنیا کی ٹاپ ٹیموں میں ہوتا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کی رینکنگ پرو ہاکی لیگ کی وجہ سے بہت نیچے ہے ، لیکن پاک بھارت میچ ہمیشہ سے ہی دلچسپ میچ ثابت ہوتا ہے، ہاکی کی اصل خوبصورتی پاک بھارت میچ میں ہی نظر آتی ہے ،جہاں کھلاڑی بھی اور تماشائی بھی انجوائے کرتے ہیں، پاک بھارت ہاکی میچ میں اصل جیت کھیل کی ہوتی ہے۔
محمد ثقلین نے کہا کہ بھارت کے خلاف پریشر میچ ہوتا ہے، جو ٹیم اس کو درست انداز میں ہینڈل کرتی ہے وہ کامیاب ہوتی ہے۔
واضح رہے کہ ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی میں آج چنئی میں روایتی حریف پاکستان اور بھارت آمنے سامنے ہوں گے۔