12 اگست ، 2023
پاکستانی اداکارہ نجیبہ فیض نے اپنے اور اداکار فیروز خان سے متعلق سوشل میڈیا پر گردش کرتی افواہوں کو مسترد کردیا۔
نجیبہ فیض نے فیروز خان کی ایک ٹوئٹ کو ری ٹوئٹ کی اور وضاحت پیش کی کہ وہ اور اداکار صرف اچھے دوست ہیں اور لوگ ان کے بارے میں بے بنیاد اور جھوٹی خبریں پھیلا رہے ہیں۔
اداکارہ نے ٹوئٹر پر جاری طویل پیغام میں لکھا کہ وہ ہائیکنگ کی جنون کی حد تک شوقین ہیں، کیوں کہ اس سے ذہنی و جسمانی صحت بہتر ہوتی ہے اور ہائیکنگ کے دوران ان کے ساتھ ان کے مختلف دوست بھی جاتے ہیں۔
نجیبہ نے لکھا کہ اسی طرح کچھ روز قبل شوبز انڈسٹری کے انتہائی نفیس انسان اور بڑے نام فیروز خان بھی ان کے ہمراہ ہائیکنگ پر گئے، جن کے ساتھ انہوں نے تصاویر بنوائیں جو انہوں نے اپنے سوشل میڈیا پیجز پر شیئر کیں۔
افغان نژاد اداکارہ نجیبہ فیض نے لکھا کہ فیروز خان ان کے لیے انتہائی قابل عزت شخص ہیں، انہیں اس بات سے کوئی مطلب نہیں کہ ان کی ذاتی زندگی میں کیا ہوا۔
انہوں نے مزید کہا کہ جیسے ہی ان کی اور فیروز خان کی ویڈیوز اور تصاویر وائرل ہوئیں تو اس پر بحث شروع ہوگئی اور ہر کسی نے اس پر اپنے ذہن کے مطابق بات کی۔
نجیبہ نے سوشل میڈیا انفلوئنسرز کو اپیل کی کہ وہ یک طرفہ غیر مصدقہ معلومات کو نہ پھیلائیں، انہیں یہ بات یاد رکھنی چاہیے کہ ہر انسان کا خاندان ہوتا ہے اور ہر کسی کی اپنی ذاتی زندگی ہوتی ہے۔
نجیبہ فیض نے لکھا کہ ان سے اور فیروز خان سے متعلق غلط خبریں اور معلومات پھیلانے سے انہیں اور ان کے خاندان کو تکلیف پہنچ سکتی ہے۔
فیروز خان کا ردعمل:
فیروز خان نے بھی ایک ٹوئٹ میں نجیبہ کو محض اپنی ایک دوست قرار دیا تھا۔
یہ معاملہ کب اور کیسے شروع ہوا؟
فیروز خان اور اداکارہ نجیبہ فیض کا معاملہ سلسلہ سوشل میڈیا پر وائرل ایک اسکرین شاٹ سے شروع ہوا جس کے بعد دونوں اداکاروں کی وائرل ٹک ٹاک ویڈیوز نے افواہوں کو مزید ہوا دی۔
اسکرین شاٹ میں ایک مداح نے اداکار سے کہا 'آپ کو نہیں لگتا کہ اب آگے بڑھ جانا چاہیے اور ایک نئی انسان کے ساتھ زندگی کی شروعات کرنی چاہیے؟‘
مداح کے سوال پر فیروز خان نے جواب دیا تھا کہ ' 'سفر بہت پہلے شروع ہوا تھا، مجھے وہ شخص آخر کار مل گیا ہے، دیکھتے ہیں میں آگے کیا کرتا ہوں'۔
بعد ازاں اداکار نے جنگ ویب کو تصدیق کی تھی کہ وہ حقیقتاً دوسری شادی کے لیے لڑکی کی تلاش میں ہیں اور وہ ایک دو نہیں بلکہ اس سے زائد شادیوں کے حق میں ہیں۔
اس کے بعد فیروز اور نجیبہ کی سوشل میڈیا پر سیروتفریح کی ویڈیوز وائرل ہوئی تھیں جس میں دونوں کو کہیں ایک ہی بیگ پکڑے گھومتے پھرتے دیکھا گیا تو کہیں نجیبہ فیروز کیلئے لفٹ کا دروازہ پکڑے دیکھی گئیں۔
ان وائرل ویڈیوز اور تصاویر کو سوشل میڈیا صارفین نے فیروز کے تبصرے سے ملاکر نجیبہ کو ان کی نئی محبت تو کہیں ان کی زندگی کا آنے والا ساتھی قرار دیا تھا۔