Time 16 اگست ، 2023
پاکستان

صحافی جان محمد مہر کے قتل کا مقدمہ 11 نامزد اور 3 نامعلوم افراد کیخلاف درج

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

سکھر میں قتل کیے گئے صحافی جان محمد مہر کے قتل کا مقدمہ 11 نامزد اور 3 نامعلوم افراد کے خلاف درج کرلیا گیا۔

پولیس کے مطابق مقتول صحافی جان محمد مہر کے بھائی کی مدعیت میں درج ایف آئی آر کے مطابق مقتول کو ٹارگٹ کرکے قتل کیا گيا ہے ، بااثر افراد ان سے خائف تھے ، انہیں دھمکیاں بھی مل رہی تھیں۔

دوسری جانب قاتلوں کی گرفتاری کے لیے سکھر سمیت سندھ کے مختلف علاقوں میں صحافی برادری کی جانب سے احتجاجی مظاہرے  کیے جا رہے ہیں۔

پولیس نے سکھر، شکار پور اور روہڑی سے 15 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا جبکہ جیو فینسنگ کا عمل بھی جاری ہے۔

واضح رہے کہ اتوار کو سکھر میں نامعلوم افراد کی فائرنگ کے نتیجے میں صحافی جان محمد مہر جاں بحق ہوگئے تھے۔

پولیس کے مطابق صحافی جان محمد مہر پر آفس سے گھر جاتے ہوئےکوئنس روڈ پر قاتلانہ حملہ کیا گیا جس کے باعث وہ زخمی ہوئے۔تاہم انہیں تشویشناک حالت میں نجی اسپتال منتقل کیا گیا لیکن وہ دوران علاج اسپتال میں دم توڑ گئے۔

وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے سکھر میں قاتلانہ حملے میں شہید ہونے والے صحافی جان محمد مہر کے لواحقین کے لیے ایک کروڑ روپے کا اعلان کیا ہے۔

پاکستان براڈ کاسٹرز ایسوسی ایشن نے سینیئر صحافی کے قتل پر گہرے رنج کا اظہار کیا ہے۔

مزید خبریں :