16 اگست ، 2023
نگران وزیراعلیٰ بلوچستان کی نامزدگی کے لیے حکومتی پارلیمانی کمیٹی کے نام اسپیکر بلوچستان اسمبلی کو بھجوا دیے گئے ہیں۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ وزیر اعلیٰ عبدالقدوس بزنجو نے نگران وزیراعلی بلوچستان کی نامزدگی کے لیے پارلیمانی کمیٹی کے ارکان کے نام فائنل کر لیے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومتی پارلیمانی کمیٹی کے نام اسپیکر بلوچستان اسمبلی کو بھیج دیئے گئے ہیں۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ پارلیمانی کمیٹی میں وزیراعلیٰ عبدالقدوس بزنجو، سردار عبدالرحمان کھیتران اور زمرک خان اچکزئی شامل ہیں۔
خیال رہے کہ نگران وزیراعلیٰ بلوچستان کے معاملے پر حکومت اور اپوزیشن کسی ایک نام پر اتفاق نہیں کر سکے تھے جس کے بعد معاملہ پارلیمانی کمیٹی کے پاس چلا گیا، اگر پارلیمانی کمیٹی بھی کسی ایک نام پر اتفاق نہ کر سکی تو پھر صوبائی الیکشن کمیشن نگران وزیراعلیٰ بلوچستان کا تقرر کرے گا۔
گزشتہ روز یہ خبریں بھی سامنے آئی تھیں کہ نگران وزیراعلیٰ بلوچستان کے لیے علی مردان ڈومکی کے نام پر اتفاق کر لیا گیا ہے تاہم بی این پی مینگل کے سربراہ سردار اختر مینگل نے اپنے بیان میں کہا تھا لگتا ہے کہ نگران وزیراعلیٰ کا معاملہ پارلیمانی کمیٹی میں جائے گا۔