Time 16 اگست ، 2023
کاروبار

پاکستان کا مجموعی قرضہ کتنا ہوگیا؟ اسٹیٹ بینک کی رپورٹ جاری

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے مالی سال 2023  میں حکومت کی جانب سے لیےگئے قرض کی تفصیلات جاری کردی ہیں۔

اسٹیٹ بینک کے مطابق حکومت نے مالی سال 2023 میں 13 ہزار 7 ارب روپے قرض لیا ہے۔ 

اسٹیٹ بینک کی رپورٹ کے مطابق  مالی سال 2023 کے اختتام پر حکومت کا قرض 60 ہزار 839 ارب روپے ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہےکہ مالی سال 2023 کے اختتام  پر حکومت کا مقامی قرض 38 ہزار 808 ارب روپے ہے جب کہ حکومت کا بیرونی قرض 22 ہزار 30 ارب روپے ہے۔

اسٹیٹ بینک کے مطابق  مالی سال 2023 میں 20 ارب 81 کروڑ ڈالر قرضوں کے اصل اور سود ادائیگی پر خرچ ہوئے، قرضوں کے اصل کی ادائیگی پر 16 ارب 39 کروڑ  اور سود پر 4 ارب 42 کروڑ ڈالر خرچ ہوئے۔

اسٹیٹ بینک کے مطابق سرکاری اداروں نے مالی سال 2023 میں 53.94 لاکھ ڈالر قرضوں کا اصل ادا کیا، سرکاری اداروں نے مالی سال 23 میں 25.56 لاکھ ڈالر سود ادا کیا، بینکوں کو مالی سال میں 95 کروڑ 20 لاکھ ڈالر سود ادا کیا گیا، نجی شعبے نے مالی سال 2023 میں 1 ارب 11 کروڑ ڈالر قرضوں کے اصل کی ادائیگی پرخرچ کیے، نجی شعبے نےمالی سال 2023 میں 75 کروڑ 81 لاکھ ڈالر سود ادا کیا۔