Time 21 اگست ، 2023
جرائم

کمسن ملازمہ ہلاکت کیس کے مرکزی ملزم کے جسمانی ریمانڈ میں مزید 5 روز کی توسیع

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

خیرپور کے علاقے رانی پور  میں پیر کی حویلی میں 10 سالہ فاطمہ کی ہلاکت کےکیس کے مرکزی ملزم اسد شاہ کے جسمانی ریمانڈ میں مزید 5  روز کی توسیع کردی گئی۔

سول جج اینڈ جوڈیشل مجسٹریٹ رانی پور کی عدالت میں  تشدد سے کمسن ملازمہ  فاطمہ کی ہلاکت کےکیس کی سماعت ہوئی۔

عدالت نے مرکزی ملزم اسد شاہ کے جسمانی ریمانڈ میں 5 روز کی توسیع کرتے ہوئے اسے پولیس کے حوالے کردیا۔

اس موقع پر زیر تفتیش ایس ایچ او رانی پور، ہیڈمحرر، 2 ڈاکٹروں اور کمپاؤنڈرکو عدالت میں پیش نہیں کیا جاسکا۔

پولیس نےکمسن ملازمہ کی ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ بھی عدالت میں جمع کرادی۔

اس کے علاوہ حویلی سے تحویل میں لی گئی 3 خواتین ملازمائیں اور ان کے4 بچے بھی عدالت میں پیش ہوئے۔

بچی کی ماں نے عدالت سے مطالبہ کیا کہ  بچی کی لاش حویلی سےگھر لانے والے 2 مردملازموں اور ایک خاتون ملازمہ کوبھی گرفتارکرکے تفتیش کی جائے، یہ تین افراد ہمارے رشتہ دار ہیں مگر شفاف تحقیقات کے لیے ان سے بھی تفتیش کی جائے۔

خواتین ملازماؤں نے عدالت میں بیان دیا کہ گزشتہ کئی برسوں سے حویلی میں ملازمت کر رہے ہیں، کل پولیس نے حویلی سے نکال کر  دوسرے مقام پر منتقل کیا تھا، ہم سب اپنے اپنے گھروں کو جانا چاہتے ہیں اجازت دی جائے۔

مزید خبریں :