Time 22 اگست ، 2023
پاکستان

بھارتی ناظم الامور کی دفتر خارجہ طلبی، ایل او سی پر شہری کی شہادت پر احتجاج

گزشتہ روز بھارتی فوج کی ایل او سی پر فائرنگ میں ایک شخص شہید اور تین خواتین زخمی ہوگئیں تھیں— فوٹو:فائل
گزشتہ روز بھارتی فوج کی ایل او سی پر فائرنگ میں ایک شخص شہید اور تین خواتین زخمی ہوگئیں تھیں— فوٹو:فائل

پاکستان نے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے نکیال سیکٹر میں بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ کے نتیجے میں شہری کی شہادت پر بھارتی ناظم الامور کو دفترخارجہ طلب کرلیا۔

ترجمان دفترخارجہ کے مطابق بھارتی ناظم الامور سے  ایل او سی پر بھارتی فائرنگ سے شہری کی شہادت پر شدید احتجاج کیا۔

ترجمان کا کہنا تھاکہ اس طرح کے اقدامات 2003 کی سیز فائرمعاہدے کی خلاف ورزی ہیں، اس سیز فائر معاہدے کا اعادہ فروری 2021 میں بھی کیا گیا تھا، بھارتی فوج کو غیرمعمولی احتیاط برتنے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔

 ترجمان دفترخارجہ نے قرار دیاکہ شہریوں کو نشانہ بنانا انسانی تعظیم ، حقوق اور قوانین کے خلاف ہے۔

ترجمان کے مطابق بھارت پر زور دیا گیا کہ وہ اس واقعے کی تحقیقات کرے اور ایل او سی کا احترام کرے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز بھارتی فوج نے ایل او سی کے نکیال سیکٹر پر بلااشتعال فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 60 سالہ شخص غیاث شہید ہوگیا تھا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فوج کی فائرنگ سے کھیتوں میں گھاس کاٹنے والی تین خواتین بھی زخمی ہوئیں۔

مزید خبریں :