24 اگست ، 2023
بٹگرام چیئرلفٹ واقعے سے متعلق پولیس کی تفتیش جاری ہے، اس حوالے سے انکشاف ہوا ہےکہ چیئرلفٹ کی غیر معیاری رسیوں کے باعث مالک کو 2 بار نوٹس بھی جاری کیےگئے تھے۔
پولیس کے مطابق چیئرلفٹ میں لگی تینوں رسیاں غیرمعیاری تھیں جب کہ حفاظتی انتظامات بھی میسر نہ تھے جس کے متعلق لفٹ کے مالک کو پہلے ہی دو احتیاطی نوٹس کے ذریعے آگاہ کیا گیا تھا۔
لفٹ مالک کو پہلا نوٹس جولائی جب کہ دوسرا رواں ماہ اگست میں ہی جاری کیا گیا تھا تاہم نوٹس پر عمل درآمد نہ کرنے کی صورت میں کوئی کارروائی بھی نہیں کی گئی۔
گزشتہ روز پولیس نے چئیر لفٹ کے مالک اور آپریٹر کو گرفتار کرکے لفٹ کنٹرول روم سیل کردیا تھا۔
دوسری جانب خیبر پختونخوا کے تمام اضلاع میں چیئرلفٹ کی چیکنگ کا عمل شروع کردیا گیا ہے۔
صوبے کے تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو پرفارما بھیج دیا گیا ہے، سرکاری ذرائع کے مطابق پرفارما میں چیئرلفٹ اور جھولوں سمیت مختلف تفصیلات مانگی گئی ہیں جس میں ضلعی انتظامیہ کی این او سی کے ساتھ ساتھ چیئرلفٹ کے کنٹرول روم کی چیکنگ اور مجموعی حالت کے بارے میں تفصیلات مانگی ہیں۔
صوبائی حکومت نے چیئرلفٹ کی زمین کے متعلق بھی تفصیلات طلب کر لی ہیں، تمام ضلعی انتظامیہ کو 4 روز کے اندر رپورٹ جمع کرانے کا پابند کیا گیا ہے۔