24 اگست ، 2023
جیو اور دی نیوز کی تحقیقات درست ثابت ہوئی، خبر چلنے کے بعد پی ٹی آئی نے اپنے چیئرمین عمران خان کے کیسزعالمی سطح پر اٹھانے کے مشن کو منسوخ کردیا، نامزد وکلا کےساتھ معاہدے ختم کردیے گئے۔
پی ٹی آئی نےچیئرمین عمران خان کے کیسز کو عالمی سطح پراٹھانے کیلئے اپنے نامزد وکلا راشد یعقوب اور اظہرصدیق کے ساتھ معاہدے ختم کردیے۔
جیو نے کل خبردی تھی کہ پی ٹی آئی قیادت کی جانب سے چیئرمین پی ٹی آئی کے کیسز عالمی سطح پر اٹھانے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔
جیو کی خبر میں بتایا گیا تھا کہ پی ٹی آئی چیئرمین کے کیسز اقوام متحدہ میں اٹھانے کیلئے راشد یعقوب کو ذمہ داری سونپی گئی تھی جبکہ کیسز کو بین الاقومی سطح پر اٹھانے کیلئے تین مختلف سطح پر لیٹر آف انسٹرکشن جاری کیے گئے تھے۔
ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کی اندرونی تحقیقات میں جیو کی رپورٹ کی تمام باتیں درست ثابت ہوئیں۔
پی ٹی آئی ذرائع نے تصدیق کی تھی کہ کیسز کو انٹرنیشنل سطح پر اٹھانے کیلئے مہم شروع کی گئی ہے جبکہ راشد یعقوب نے مہم کا آغاز کرتے ہوئے کہا تھا کہ انہیں پی ٹی آئی کی طرف سے نامزد کیا گیا ہے۔
راشد یعقوب نے کہا تھا انہیں، پاکستان کے 3 پارٹی رہنماؤں اوربرطانیہ میں اظہر صدیق کو ذمہ داری دی گئی ہے۔
زلفی بخاری اور دیگر رہنماؤں نے کیس عالمی اداروں میں لے جانے کی مذمت کی تھی ، جس کے بعد تحریک انصاف نے آج اپنی سوشل میڈیا سائٹ ایکس (ٹوئٹر) پر اپنی ایک پوسٹ کے ذریعے ان وکلا سے معاہدہ ختم کردیا۔