Time 24 اگست ، 2023
پاکستان

چیئرمین پی ٹی آئی جیل میں کس حال میں ہیں؟ سپریم کورٹ نے رپورٹ مانگ لی

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

سپریم کورٹ نے عمران خان کی توشہ خانہ کیس میں سزا کے خلاف درخواست پر  آج کی سماعت کا  تحریری حکمنامہ  جاری کر دیا۔

دو صفحات پر مشتمل حکمنامہ چیف جسٹس پاکستان عمر عطا بندیال نے تحریرکیا ہے۔

حکمنامے میں کہا گیا ہےکہ چیئرمین پی ٹی آئی جیل میں کس حال میں ہیں اٹارنی جنرل 28 اگست تک رپورٹ دیں،  اٹارنی جنرل چیمبر میں رپورٹ جمع کرائیں۔

 فیصلے میں کہا گیا ہےکہ درخواست گزار کے وکیل نے بتایا کہ ہائی کورٹ میں توشہ خانہ کیس زیر سماعت ہے، درخواست گزار نے بتایا کہ سپریم کورٹ کے حکم  پرکل اٹھائے گئے نکات ہائی کورٹ میں پیش کیے، اس صورتحال میں اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلےکا انتظار کرنا مناسب ہوگا،کیس کی سماعت ملتوی کی جاتی ہے۔

اس سے پہلے آج اسلام آباد ہائی کورٹ نے سماعت کل تک ملتوی کردی تھی ، فیصلے کے انتظار میں ہوئی سماعت میں چیف جسٹس نےکہا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کیس سن رہے ہیں جو قابل تعریف ہے، بہتر ہوگا پہلے ہائی کورٹ کو اس معاملے  پر فیصلہ کرنے دیں ، میڈیا پر غصے میں ججوں پر تنقید کی جاتی ہے ، جج آئین و قانون کے تحت فیصلے کرتے رہیں گے۔

جسٹس جمال مندوخیل نے چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل لطیف کھوسہ سے کہا کہ ہائی کورٹ سے یہی امید رکھیں کہ وہ آپ کے نکات پر فیصلہ دے گی، اسلام آباد ہائی کورٹ کے ججوں پر تنقید نہ کیا کریں۔

مزید خبریں :