26 اگست ، 2023
وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے)کی تین رکنی ٹیم نے اٹک جیل میں قید سابق وزیراعظم و پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان سے سائفر کیس سے متعلق تحقیقات کیں۔
ذرائع کے مطابق ایف آئی اے ٹیم نے جیل میں چیئرمین پی ٹی آئی سے ایک گھنٹے تک پوچھ گچھ کی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ایف آئی اے ٹیم نے عمران خان سے سائفرگم ہونے سے متعلق سوالات کیے اور انہوں نے ٹیم کے سامنے خفیہ سائفر مراسلہ گم کرنے کا ایک بار پھراعتراف کیا۔
ذرائع نے بتایاکہ ایف آئی اے ٹیم کی قیادت ڈپٹی ڈائریکٹر ایاز خان کررہے تھے۔
خیال رہے کہ 5 اگست کو اسلام آباد کی عدالت نے توشہ خانہ کیس میں عمران خان کو تین سال قید کی سزا سنائی تھی جس کے بعد سے وہ اٹک جیل میں قید ہیں۔
واضح رہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان اور سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے خلاف سائفر کے معاملے میں 15 اگست کو ایف آئی آر درج کی گئی اور یہ مقدمہ آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت درج کیا گیا۔
گزشتہ دنوں ہی عمران خان کو سائفر گمشدگی کیس میں بھی گرفتار کیا گیا ہے جبکہ شاہ محمود بھی ریمانڈ پر ہیں۔