2023 میں اب تک سب سے زیادہ فروخت ہونے والا اسمارٹ فون کونسا ہے؟

یہ فون 2023 کی اولین ششماہی میں سب سے زیادہ فروخت ہوا / فائل فوٹو
یہ فون 2023 کی اولین ششماہی میں سب سے زیادہ فروخت ہوا / فائل فوٹو

دنیا میں اس وقت سب سے زیادہ فروخت ہونے والا اسمارٹ فون کسی اینڈرائیڈ ڈیوائس بنانے والی کمپنی کا نہیں بلکہ ایپل کا آئی فون 14 پرو میکس ہے۔

اسمارٹ فونز کی فروخت کے اعدادوشمار جاری کرنے والی کمپنی Omdia نے 2023 کی اولین ششماہی کے دوران سب سے زیادہ فروخت ہونے والے فونز کے بارے میں بتایا ہے۔

رپورٹ کے مطابق جنوری سے جون 2023 کے دوران ایپل نے آئی فون 14 پرو میکس کے 2 کروڑ 65 لاکھ سے زیادہ یونٹس فروخت کیے۔

دوسرے نمبر پر بھی ایپل کا ہی آئی فون 14 پرو ہے جس کے اس عرصے کے دوران 2 کروڑ 10 لاکھ یونٹس فروخت ہوئے۔

تیسرے نمبر پر دنیا میں سب سے زیادہ فروخت ہونے والا اسمارٹ فون ایپل کا ہی آئی فون 14 رہا جس کے ایک کروڑ 65 لاکھ یونٹس فروخت ہوئے۔

چوتھے پر بھی ایپل کا ہی آئی فون 13 موجود ہے جس کے ایک کروڑ 55 لاکھ یونٹس فروخت ہوئے۔

جنوبی کورین کمپنی سام سنگ کے گلیکسی اے 14 کے حصے میں 5 واں نمبر آیا جس کے جنوری سے جون کے دوران ایک کروڑ 24 لاکھ یونٹس فروخت ہوئے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ دنیا بھر میں مہنگائی کی شرح میں کافی عرصے سے اضافہ ہو رہا ہے اور لوگوں کی قوت خرید متاثر ہوئی ہے، مگر ایپل کے آئی فونز اب بھی سب سے زیادہ فروخت ہو رہے ہیں۔

جنوری سے مارچ 2023 کے دوران بھی دنیا میں سب سے زیادہ فروخت ہونے والے فونز میں آئی فونز کا غلبہ تھا۔

درحقیقت رواں سال کی پہلی سہ ماہی کے دوران ایک سے 4 نمبر پر سب سے زیادہ فروخت ہونے والے اسمارٹ فونز ایپل کے تیار کردہ تھے۔

اس عرصے میں آئی فون 14 پرو میکس دنیا میں سب سے زیادہ فروخت ہونے والا اسمارٹ فون ثابت ہوا تھا۔

اس کے بعد آئی فون 14 پرو دوسرے، آئی فون 14 تیسرے جبکہ آئی فون 13 چوتھے نمبر پر رہا۔

مزید خبریں :