07 جنوری ، 2013
اسلام آباد…سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے مذہبی امور نے حج پروازوں میں تاخیر کی ذمہ دار ائیر لائنز کو جرمانے کرنے کی ہدایت کر دی ، وزارت مذہبی امور سے رپورٹ 15 روز میں رپورٹ طلب کر لی گئی۔ ِسینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے مذہبی امور کا اجلاس سینیٹر صالح شاہ کی زیر صدارت ہوا۔ کمیٹی نے حج پروازوں میں تاخیر کی ذمہ دار ائیر لائنز کو جرمانہ ، حجاج کی درخواستوں میں تاخیر کرنیوالے بینکوں اورسعودی عرب میں غفلت کے مرتکب حج عملے کے خلاف کارروائی کی ہدایت کی ہے۔سیکریٹری مذہبی امور اعظم چودھری نے بتایا کہ میڈیکل مشن کے خلاف کئی شکایات ملیں،جس پر ذمہ دار اہلکاروں کا اعزازیہ کاٹ لیا گیا تاہم اس بار حج آپریشن بہت کامیاب رہا۔سینیٹر راجہ ظفر الحق کا کہنا تھا کہ حج آپریشن کامیاب ہوتا تو حجاج کو 20 ،20 گھنٹے جدہ میں انتظار نہ کرنا پڑتا۔