اولیول امتحان میں عالمی ریکارڈ یافتہ ماہ نور کے اعزاز میں ملالہ کی جانب سے عشائیہ

فوٹو:@mahnoor_cheema_
فوٹو:@mahnoor_cheema_

نوبیل انعام یافتہ ملالہ یوسف زئی نے جنرل سرٹیفکیٹ آف سکینڈری ایجوکیشن ( جی سی ایس ای) یا اولیول کے امتحان میں تاریخی کامیابی حاصل کرنے والی برٹش پاکستانی طالبہ ماہ نور چیمہ کے اعزاز میں عشائیہ دیا۔

اس موقع پر ملالہ کا کہنا تھا کہ پڑھائی میں نمایاں کارکردگی دکھانے پر ماہ نور  پر فخر محسوس کرتی ہوں، ماہ نور نے نہ صرف پاکستانی بلکہ دنیا بھر کے بچوں کو اپنی کارکردگی سے متاثر کیا ہے، میرا یہ خواب ہےکہ پاکستان سمیت دنیا بھر میں ہر بچی کو تعلیم ملے، ماہ نور کی کامیابی پیغام دیتی ہے کہ بچیاں اپنی محنت سے ہر کامیابی حاصل کرسکتی ہیں۔

ملالہ کا کہنا تھا کہ  ماہ نور کی محنت کے سبب اسے دنیا کی بہترین یونیورسٹی میں داخلےکی پیشکش مل جائےگی، ماہ نور کا لوگوں کی خدمت کا خواب متاثرکن ہے، بچوں کے پڑھنے کے خوابوں کو حقیقت بنانے میں ہمیں ان کی مدد کرنی چاہیے، تمام بچیوں کو تعلیم ملے تو ماہ نور جیسے اور بچے بھی سامنے آسکتے ہیں۔

 ماہ نور کا کہنا تھا کہ  ملالہ سے مل کر دیرینہ خواب پورا ہوا، بچیوں کی تعلیم کے لیے کوشاں ملالہ بچپن سے میری آئیڈیل ہیں، ملالہ نے آکسفورڈ یونیورسٹی کے  حوالے سے کافی ٹپس شئیر کی ہیں، یہ بھی بتایا کہ اپنی ایجوکیشن اور  سوشل لائف میں توازن کیسے رکھنا ہے۔

 ماہ نور نے بتایا کہ انہوں نے سات برس کی عمر میں اخبار میں ملالہ کی تصویر دیکھی اور پتا چلا کن مشکل حالات میں وہ کیسی  بہادری سے آگے بڑھیں، ملالہ جان کے خطرے کے باوجود اپنے مقصد کے لیےکوشاں ہیں، سات برس کی عمر میں ہی مجھے پتہ تھا کہ میں ان کی طرح کچھ کروں گی۔

واضح رہے کہ ماہ نور نے جی سی ایس ای کے امتحان میں 34 اے اسٹار گریڈ لےکر  ریکارڈ قائم کیا ہے۔

مزید خبریں :