میٹا کا آئندہ چند ماہ میں یورپی ممالک میں فیس بک نیوز ٹیب ختم کرنے کا اعلان

ایک بلاگ پوسٹ میں کمپنی نے یہ اعلان کیا / فائل فوٹو
ایک بلاگ پوسٹ میں کمپنی نے یہ اعلان کیا / فائل فوٹو

میٹا نے مختلف یورپی ممالک میں فیس بک سے نیوز ٹیب کو ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

میٹا کی جانب سے ایک بلاگ پوسٹ میں بتایا گیا کہ دسمبر 2023 میں برطانیہ، فرانس اور جرمنی کے صارفین کے لیے نیوز ٹیب کا آپشن ختم کر دیا جائے گا۔

خیال رہے کہ نیوز ٹیب فیس بک کے بک مارکس سیکشن میں موجود ہوتا ہے۔

کمپنی نے بتایا کہ ہم اپنی توجہ اور وسائل ریلز ویڈیوز سمیت ان معاملات پر مرکوز کرنا چاہتے ہیں جو لوگ ہمارے پلیٹ فارم میں دیکھنا چاہتے ہیں۔

ان ممالک میں خبروں پر مبنی مواد تو دستیاب ہوگا مگر اس حوالے سے مختص مخصوص ٹیب کو ختم کر دیا جائے گا۔

یہ میٹا کی جانب سے فیس بک میں خبروں کے مواد کو نیچے کرنے اور خود کو ٹک ٹاک جیسا بنانے کی کوششوں کا حصہ ہے۔

میٹا کی جانب سے جولائی میں اعلان کیا گیا تھا کہ امریکی میڈیا اداروں کو فیس بک نیوز ٹیب کے مواد پر معاوضہ نہیں دیا جائے گا۔

اس وقت بھی کمپنی کا کہنا تھا کہ ویڈیو مواد پر زیادہ توجہ مرکوز کی جائے گی۔

خیال رہے کہ فیس بک نیوز نامی یہ ٹیب صرف امریکا، برطانیہ، جرمنی، فرانس اور آسٹریلیا میں دستیاب ہے۔

دسمبر میں نئی تبدیلیوں کے بعد یہ ٹیب صرف امریکا اور آسٹریلیا میں صارفین کو دستیاب ہوگا۔

میٹا کے مطابق دنیا بھر میں فیس بک صارفین 3 فیصد سے کم خبروں پر مبنی مواد کو دیکھتے ہیں۔

میٹا کی جانب سے کہا گیا کہ میڈیا کمپنیاں ریلز اور ہمارے اشتہاری نظام کے ذریعے زیادہ افراد تک رسائی حاصل کر سکتی ہیں۔

یہ اعلان اس وقت کیا گیا ہے جب گزشتہ دنوں ایک رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ میٹا کی جانب سے یورپ میں اشتہارات سے پاک سبسکرپشن پلان فیس بک صارفین کے لیے متعارف کرایا جا سکتا ہے۔

یہ اقدام یورپی یونین کی جانب سے ڈیٹا اکٹھا کرنے اور صارفین کی پرائیویسی کے حوالے سے خدشات پر کیا جا رہا ہے۔

مزید خبریں :