آئی فون کی تصاویر میں ہمیشہ 9:41 کا وقت ہی کیوں نظر آتا ہے؟

اس کی وجہ کافی دلچسپ ہے / اسکرین شاٹ
اس کی وجہ کافی دلچسپ ہے / اسکرین شاٹ

اگر آپ آئی فون پسند کرتے ہیں (اگر یہ پڑھ رہے ہیں تو ممکنہ طور پر ضرور پسند کرتے ہیں) تو کیا آپ نے کبھی غور کیا کہ ایپل کی اس ڈیوائس کی تصاویر میں ہمیشہ 9:41 کا وقت نظر آ رہا ہوتا ہے؟

آپ ایپل کی ویب سائٹ میں آئی فونز کا سیکشن اوپن کریں تو ہر ڈیوائس پر یہی وقت نظر آئے گا۔

مگر اسی وقت کا انتخاب کیوں کیا جاتا ہے، کیا یہ ایپل کا لکی ٹائم ہے؟

اس کا جواب کافی دلچسپ ہے مگر ا س سے پہلے یہ جان لیں کہ زیادہ تر دیواری گھڑیوں اور کلائی پر پہنے جانے والی گھڑیوں کو جب تیار کیا جاتا ہے تو ان پر 10:10 کا ٹائم سیٹ ہوتا ہے۔

اس کی متعدد وجوہات ہیں جیسے یہ مسکراتے چہرے جیسا نشان بنتا ہے، گھڑی بنانے والی کمپنی کا نام صاف نظر آتا ہے اور دیکھنے میں بھی اچھا لگتا ہے۔

مگر ایپل کی جانب سے مخصوص وقت کا انتخاب کیوں کیا گیا؟

اس کی وجہ دلچسپ ہونے کے ساتھ کافی سادہ ہے اور وہ ہے پہلے آئی فون کی جھلک 2007 میں اسی وقت پیش کی گئی تھی۔

2007 میں پہلے آئی فون کو جب اسٹیو جابز نے پیش کرنے سے پہلے سلائیڈ شو دکھا رہے تھے تو اس میں ڈیوائس کی تصویر پر 9:41 (اے ایم) کا وقت موجود تھا۔

اس سلائیڈ میں پہلی بار آئی فون کو دکھایا گیا تھا / فوٹو بشکریہ ایپل
اس سلائیڈ میں پہلی بار آئی فون کو دکھایا گیا تھا / فوٹو بشکریہ ایپل

اس کے بعد سے تمام آئی فونز کی اشتہاری تصاویر اور دیگر مواد پر ڈیوائسز پر یہی وقت لکھا نظر آتا ہے۔

ایپل کے سابق عہدیدار اسکاٹ فورسٹال نے بتایا کہ ہم نے آئی فون کی تصویر اسکرین پر ایونٹ کے 40 منٹ پورے ہونے پر دکھانے کا فیصلہ کیا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ ہم چاہتے تھے کہ اس وقت ڈیوائس کی اسکرین پر دکھائے جانے والا وقت ایونٹ میں موجود افراد کی گھڑیوں کے قریب ہو، یہی وجہ ہے کہ ہم نے اس وقت کا انتخاب کیا۔

ویسے دلچسپ بات یہ ہے کہ اسٹیو جابز نے جب ڈیوائس کو دکھایا تو اس وقت گھڑیوں میں حقیقی وقت 9:42 تھا۔

مزید خبریں :