16 ستمبر ، 2023
کراچی کی مقامی عدالت نے خواتین سے مبینہ زیادتی کیس کے ملزم پرنسپل کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔
جوڈیشل مجسٹریٹ ملیر کی عدالت میں گلشن حدید میں واقع اسکول کے پرنسپل کی خواتین سے مبینہ زیادتی کے کیس کی سماعت ہوئی جس سلسلے میں پولیس نے جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر ملزم کو عدالت میں پیش کیا۔
دوران سماعت تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ ملزم سے ابتدائی تفتیش مکمل کرلی ہے تاہم تفتیشی افسر نے ملزم کے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی جسے عدالت نے مسترد کرتے ہوئے ملزم عرفان غفور کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔
عدالت نے تفتیشی افسر سے آئندہ سماعت پر چالان طلب کرتے ہوئے کیس کی سماعت 20 ستمبر تک ملتوی کردی۔