10 جنوری ، 2013
پشاور… مجلس وحدت مسلمین خیبر پختونخوا کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ سید عبدالحسین الحسینی نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت امن کے قیام میں ناکام ہو چکی ہے، کراچی اور بلوچستان کے بعد خیبر پختونخوا میں ٹارگٹ کلنگ کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیپلزپارٹی کرم ایجنسی کے صدر ریاض حسین شاہ کی پشاور کے علاقہ ڈبگری گارڈن میں ٹارگٹ کلنگ کیخلاف جاری اپنے ایک مذمتی بیان میں کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا میں عوام بم دھماکوں اور خودکش حملوں کے باعث پہلے ہی عدم تحفظ کا شکار ہیں اورایک ہفتہ کے دوران تین افراد کی ٹارگٹ کلنگ اس بات کا ثبوت ہے کہ حکومت کے امن قائم کرنے کے دعوے محض کاغذی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کوئٹہ اور کراچی میں آئے روز بے گناہ افراد کو فرقہ وارانہ بنیاد پر قتل کیا جارہا ہے تاہم حکومت خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے،ان کا کہنا تھا کہ ہم صوبائی حکومت پر واضح کردینا چاہتے ہیں کہ خیبر پختونخوا میں ٹارگٹ کلنگ ہر گز برداشت نہیں کی جائے گی۔