Time 27 ستمبر ، 2023
دنیا

پاکستانی انٹیلیجنس ایجنسی کیخلاف بھارت کا ایک اور جھوٹا پروپیگنڈا بےنقاب

فوٹو: بھارتی میڈیا
فوٹو: بھارتی میڈیا

پاکستان کی انٹیلی جنس ایجنسی کے خلاف بھارت کا ایک اور  جھوٹا پروپیگنڈا بےنقاب ہوگیا ہے۔

بھارتی میڈیا نے کینیڈا میں قتل کیے گئے سکھ رہنما ہردیپ  سنگھ کے قتل کا الزام بغیر کسی ثبوت پاکستان کی خفیہ ایجنسی  پر لگا دیا ہے حالانکہ ہردیپ سنگھ کے قتل میں بھارتی ایجنسیوں کے ملوث ہونے کی تصدیق عالمی سطح پر بھی عیاں ہوچکی ہے۔

بھارتی میڈیا اس سے پہلے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی دہشت گردی پر بھی پاکستان کو مورد الزام ٹھہراتا رہا ہے، بھارت نے کبھی غباروں کو  خطرے کی علامت بتایا تو کبھی کبوتروں کو  پاکستانی جاسوس قرار دیا۔

مودی سرکار پاکستان کو بدنام کرنے کے پروپگنڈے میں دن رات مصروف ہے، اس کا مقصد صرف اور  صرف آئندہ انتخابات میں عوام کی حمایت لینا ہے۔

اس حوالے سے جیو نیوز سےگفتگو کرتے ہوئے دفاعی تجزیہ کار  بریگیڈیئر (ر)  راشد ولی کا کہنا تھا کہ بھارت کو معلوم ہوچکا کہ ہے اب دنیا کو اس کیس کے حوالے سے معلوم ہوچکا ہے اور کینیڈا کی خفیہ ایجنسی کے پاس اس حوالے سے تمام معلومات اور ٹھوس ثبوت ہیں تو ایسی صورت میں وہ اس معاملے کا رخ کہیں اور تبدیل کرنےکی ناکام کوشش کر رہے ہیں۔

  بریگیڈیئر (ر) راشد ولی کا کہنا تھا کہ یہ الزام انتہائی مضحکہ خیز ہے کہ پاکستان  کی ایجنسی ایسی کوئی کوشش کرسکتی ہے یا کرواسکتی ہے، اس معاملے پر کینیڈا اور امریکا سمیت دیگر ممالک کی ایجنسیاں مل کر کام کر رہی ہیں اور ان کے پاس بھارت کے خلاف ٹھوس ثبوت ہیں، اس لیے عالمی سطح پر بھارت کی بہت جگ ہنسائی ہونے والی ہے۔

دفاعی تجزیہ کار  سید محمد علی کا کہنا تھا کہ بھارتی میڈیا کے الزامات انتہائی مضحکہ خیز ہیں، اس حوالے سے ثبوت کینیڈا سمیت دیگر 4 ممالک کی جانب سے بھی شیئر کیے گئے ہیں، کینیڈا میں امریکا کے سفیر نے بھی بتایا ہے کہ امریکا نے بھی اس حوالے سے معلومات کینیڈا کو فراہم کی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ  کینیڈا کی جانب سے اعلیٰ سرکاری سطح پر بھارت سے اس معاملے کو اٹھایا جاچکا ہے، آسٹریلیا اور امریکا نے بھی اس معاملے کو بھارت کے سامنے اٹھایا ہے اور بھارت سے تحقیقات میں تعاون کرنے پر زور دیا ہے۔

سید محمد علی کا کہنا تھا کہ یہ بھارت کی انتہائی بھونڈی سازش ہے، بھارت کی ہمیشہ سے یہ پالیسی رہی کہ پاکستان کو بدنام کیا جائے۔

مزید خبریں :