10 جنوری ، 2013
پشاور … محکمہ صحت خیبر پختونخوا نے صوبے میں قومی انسداد پولیو مہم کیلئے فوج اور پولیس کی مدد لینے کی درخواست کردی ہے۔ محکمہ صحت خیبر پختونخوا کے ذرائع کے مطابق 14 جنوری سے شروع ہونے والی قومی انسداد پولیو مہم کیلئے ورکرز اور رضاکاروں کے انکارکے باعث مائیکرو پلان تاحال تیار نہیں ہوسکا۔ ذرائع کے مطابق صوبائی حکومت نے پولیو مہم بغیر تشہیر کے شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ مہم کے دوران پولیس اور فوج کی مدد فراہم کرنے کی استدعا کی گئی ہے تاکہ پولیو مہم چلانے والے ہیلتھ ورکر ز کو تحفظ فراہم کیا جاسکے۔ ذرائع کے مطابق پولیو مہم کے دوران گھر گھر جانے کی بجائے بچوں کو ویکسی نیشن سینٹر میں بلانے پر بھی غور کیا جارہا ہے۔