Time 30 ستمبر ، 2023
کھیل

گلوبل اوور 40 کرکٹ کپ: پاکستان اور ویسٹ انڈیز نے فائنل کیلئےکوالیفائی کرلیا

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

پاکستان اور  ویسٹ انڈیز  نےگلوبل اوورز 40 کرکٹ کپ کے فائنل کے لیےکوالیفائی کرلیا۔

گلوبل اوورز 40 کرکٹ کپ کا پہلا سیمی فائنل پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلا گیا جو  یکطرفہ  ثابت ہوا۔

 پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے آسٹریلیا کو جیت کے لیے 401 رنز کا ہدف دیا، کپتان عبدالرزاق اور  امجد علی نے 299 رنز کا اوپننگ اسٹینڈ فراہم کیا۔

عبدالرزاق نے 195 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، عبدالرزاق نے 120 گیندوں پر 22  چوکوں اور 11 چھکوں کی مدد سے 195 رنز بنائے۔

امجد علی نے 103 رنز کی اننگز کھیلی، تصور عباس نے 23 گیندوں پر 67 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی اور  یوں  پاکستان نے 6 وکٹ پر 400 رنز کا پہاڑ کھڑا کردیا۔

  آسٹریلیا  کی جانب سے کرس ڈیکاسن اور اسٹیو فالسن نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔

ہدف کے جواب میں آسٹریلیا کی ٹیم 148 رنز پر آؤٹ ہوگئی، پاکستان کی جانب سے عبدالقادر نے پانچ وکٹیں حاصل کیں، عبدالقادر اب تک آٹھ میچز میں 22 وکٹیں لیں چکے ہیں۔

دوسری جانب  ویسٹ انڈیز نے امریکا کو 3 وکٹوں سے  شکست دے کر فائنل کے لیے کولیفائی کرلیا۔

 امریکا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 146 رنز بنائے،کپتان محمد فرخ 52 رنز بناکر ٹاپ اسکورر رہے۔ ویسٹ انڈیز کے مہندرا ناگاموتو نے چھ وکٹیں حاصل کیں۔

ویسٹ انڈیز نے ہدف سات وکٹوں پر 34 ویں اوور میں مکمل کرلیا، ڈیو کلیمنٹ 47 رنز کے ساتھ نمایاں رہے 

فائنل پیرکو  پاکستان اور  ویسٹ انڈیزکے درمیان کھیلا جائےگا جوکہ جیو سوپر سے براہ راست نشرکیا جائےگا۔

مزید خبریں :