11 جنوری ، 2013
لاہور…پختونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی نے کہا ہے کہ سیاست میں ایجنسیوں کا کوئی کردار نہیں ہونا چاہیے ، طاہر القادری نے اسلام کی کس رو سے مشرف کا ساتھ دیا ۔ لاہور میں سپریم کورٹ بار کے زیراہتمام آل پارٹیز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے محمود اچکزئی کا کہنا تھا کہ قائداعظم نے کہا تھا ان کی جیب میں صرف کھوٹے سکے ہیں، ایجنسیاں 65 برس سے انہی کھوٹے سکوں کو چلا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج پیپلز پارٹی کے ناراض رہنماؤں کو مسلم لیگ ن ٹکٹ دے دیتی ہے ، کوئی تحریک انصاف میں تو کوئی کہیں اور چلا جاتا ہے، جمہوریت پر حملہ ہوا تو وہ ضرور بولیں گے،ڈاکٹر طاہرالقادری، ایم کیو ایم اور دیگر اتحادیوں کا ایک کروڑ ووٹوں کا دعویٰ درست ہے تو انتخابات میں حصہ لیں،جیت جائیں ۔ بلوچ رہنما کا کہنا تھا کہ وہ عاصمہ بی بی کو کہتے ہیں کہ امن کی آشا شروع کریں کابل سے اور اسے امن کی بھاشا بنائیں دلی میں۔