04 اکتوبر ، 2023
وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے)کے انٹرپول سیکشن نے پنجاب پولیس کو مطلوب تین خطرناک ملزمان کو ابوظبی سے گرفتار کرکے اسلام آباد منتقل کر دیا۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ملزمان میں مسعود حسین، محمد سلیم اور محمد عمر شہزاد شامل ہیں۔
ملزم مسعود حسین جہلم، ملزم محمد سلیم بہاولپور جب کہ ملزم محمد عمر شہزاد ٹوبہ ٹیک سنگ پولیس کو مطلوب تھا۔
ملزمان کے خلاف ڈکیتی اور قتل کی دفعات کے تحت مقدمات درج ہیں، ملزمان کی گرفتاری کے لیے ایف آئی اے انٹرپول نے ریڈ نوٹسز جاری کیے تھے، بعد ازاں ایف آئی اے امیگریشن نے ملزمان کو متعلقہ پولیس حکام کے حوالے کر دیا۔
ملزمان کی حوالگی انٹرپول اسلام آباد کی انٹرپول ابوظبی کے ساتھ قریبی رابطہ کاری کی وجہ سے ممکن ہوئی۔
این سی بی انٹرپول پاکستان بیرون ملک فرار ہونے والے ملزمان کی گرفتاری کے لیے گراں قدر خدمات سرانجام دے رہا ہے، انتہائی مطلوب ملزمان کی گرفتاری اور بروقت حوالگی کے لیے این سی بی انٹرپول پاکستان ہمہ وقت کوشاں ہے۔