Time 07 اکتوبر ، 2023
جرائم

کراچی کے علاقے کلفٹن کے بنگلے سے انسانی ڈھانچہ برآمد

فوٹو: جیو نیوز
فوٹو: جیو نیوز

کراچی کے علاقے کلفٹن میں زمزمہ اسٹریٹ پر واقع بنگلے سے ایک انسانی ڈھانچہ برآمد ہونے کے بعد متعلقہ اداروں نے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

کلفٹن پولیس کے مطابق ابتدائی تحقیقات کے تحت ملنے والا انسانی ڈھانچہ خاتون کا ہے،  پولیس نے پوسٹ مارٹم مکمل کرکے ڈی این اے کے لیے نمونے بھجوا دیے ہیں۔

پولیس کے مطابق مذکورہ بنگلہ گزشتہ 7 ماہ سے بند ہے جو کہ محمد احمد اسلم نامی شخص کی ملکیت ہے۔

پولیس کا کہنا تھا کہ محمد احمد اسلم نے یہ بنگلہ پراپرٹی سیل پرچیز کی غرض سے خریدا تھا، مذکورہ معاملے کی مزید تحقیقات کی جا رہی ہیں۔

سینیئر سپرنٹنڈنٹ پولیس ساؤتھ عمران قریشی کے مطابق گزشتہ رات 8 بجکر 58 منٹ پر کلفٹن میں زمزم اسٹیٹ نمبر ایک پر واقع بنگلہ نمبر 2/2 کے چوکیدار اسماعیل نے پولیس کو اطلاع دی کہ بنگلے کا عقبی دروازہ ٹوٹا ہوا ہے اور شبہ ظاہر کیا کہ گھر میں کوئی چور ہے۔

 ایس ایچ او کلفٹن پیر شبیر کے مطابق وہ موقع پر پہنچے تو بنگلے سے بدبو آرہی تھی، دروازے کے ساتھ ہی ایک چھوٹے اسٹور جیسے کمرے میں ٹائلز کے فرش پر ایک انسانی ڈھانچہ موجود تھا جس کے آس پاس کباڑی کی طرز کے ٹوٹے ہوئے پائپ، بلب اور دیگر سامان موجود تھا، ابتدائی طور پر یہ سمجھا گیا کہ یہ لاش کسی ہیروئنچی کی ہے مگر جب اسے قبضے میں لے کر اسپتال منتقل کیا گیا تو ڈاکٹر نے یہ ڈھانچہ کسی خاتون کا بتایا، یہ ڈھانچہ لگ بھگ دو مہینے پرانا بتایا جا رہا ہے۔ 

ایس ایس پی کے مطابق مرنے والے  نے پینٹ پہنی ہوئی تھی جس کے پائنچے اوپر تھے، لاش کے ساتھ موجود بالوں سے بھی اندازہ ہوا کہ متوفیہ خاتون تھی تاہم موت کی وجوہات سامنے نہیں آسکیں۔

مزید خبریں :