08 اکتوبر ، 2023
بھارت میں جاری آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کے دوران دھرم شالا کے اسٹیڈیم پر تحفظات کا اظہار کیا جانے لگا۔
دھرم شالا اسٹیڈیم کی ریتیلی آؤٹ فیلڈ کوچز اور کھلاڑیوں کے لیے پریشانی کا باعث بن گئی جس کے پیش نظر کھلاڑی ڈائیو مارنے سے قبل سوچ بچار میں پڑنے لگے۔
واضح رہے کہ دھرم شالا میں گزشتہ روز بنگلا دیش اور افغانستان کی ٹیموں کے درمیان پہلا میچ کھیلا گیا تھا، میچ میں افغانستان کے کئی کھلاڑی فیلڈنگ کے دوران انجریز کا شکار ہوتے ہوتے بچے۔
دوران میچ فیلڈنگ کے دوران افغان کھلاڑیوں کے گھٹنے اور پاؤں گراؤنڈ میں دھنستے رہے، اسی دوران افغانستان کے مجیب الرحمان گھٹنے کی انجری سے بال بال بچے۔
افغانستان کے ہیڈ کوچ جوناتھن ٹراٹ نے بھی گراؤنڈ کی حالت زار پر اپنے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے مجیب الرحمان کے بائیں گھٹنے کی انجری کے حوالے سے نشاندہی کی۔
جوناتھن ٹراٹ کا کہنا تھا کہ بنگلا دیش کے خلاف بڑے مارجن سے شکست کی وجہ کو کنڈیشن قرار نہیں دوں گا، ہم خوش قسمت ہیں کہ مجیب الرحمان ایک سنجیدہ گھٹنے کی انجری سے محفوظ رہے، کھلاڑی سوچنے پر مجبور ہیں کہ وہ ڈائیو کریں یا نہ کریں، میں کوئی الزام نہیں لگا رہا لیکن کچھ معاملات ایسے ہیں جن پر نظر ڈالنی چاہیے۔
سوشل میڈیا پر اس حوالے سے افغانستان کے کھلاڑیوں کی دوران فیلڈنگ ویڈیوز بھی سامنے آئی ہیں ۔
دوسری جانب بنگلادیش کے فیلڈرز کو بھی آؤٹ فیلڈ کی وجہ سے مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، دھرم شالا میں اگلا میچ منگل کو بنگلا دیش اور انگلینڈ کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گا۔
واضح رہے کہ کچھ عرصہ قبل بھارت کا آسٹریلیا کے خلاف میچ دھرم شالا سے آؤٹ فیلڈ ہی کی وجہ سے اندور منتقل کیا گیا تھا، بھارتی بورڈ نے آؤٹ فیلڈ کی بجائے سخت سردیوں کی وجہ سے میچ کی منتقلی کا بتایا تھا۔
بھارت میں ہونے والے ون ڈے ورلڈکپ کے تیسرے میچ میں بنگلادیش نے افغانستان کو 6 وکٹوں سے ہرایا۔ بنگال ٹائیگرز نے157رنزکا ہدف 35ویں اوور میں حاصل کر لیا، بنگلادیش کے نجم الحسین شنتو 59 رنزکی ناقابل شکست اننگزکھیل کرنمایاں رہے۔