'آخری بار بات ہوئی تو تہہ خانے میں تھیں'، معروف بھارتی اداکارہ اسرائیل میں پھنس گئیں

آخری بار میرا ان سے رات 12.30 بجے کے قریب رابطہ ہوا تھا، جب وہ ایک تہہ خانے میں محفوظ تھیں، حفاظتی اقدامات کے لیے مزید تفصیلات ظاہر نہیں کی جا سکتیں: ٹیم ممبر کی گفتگو__فوٹو: انسٹاگرام/نشرت بھروچا
آخری بار میرا ان سے رات 12.30 بجے کے قریب رابطہ ہوا تھا، جب وہ ایک تہہ خانے میں محفوظ تھیں، حفاظتی اقدامات کے لیے مزید تفصیلات ظاہر نہیں کی جا سکتیں: ٹیم ممبر کی گفتگو__فوٹو: انسٹاگرام/نشرت بھروچا

بالی وڈ کی معروف اداکارہ نشرت بھروچا اسرائیل میں پھنس گئیں جبکہ ان کی ٹیم کا ان سے رابطہ بھی منقطع ہو گیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق اسرائیل اور فلسطینی عسکریت پسند گروپ حماس کے درمیان جاری تنازع کے درمیان، بالی وڈ اداکارہ نشرت بھروچا اسرائیل میں پھنسی ہوئی ہیں، اداکارہ کا اپنی ٹیم سے رابطہ منقطع ہو گیا۔

ہفتے کو جاری ایک بیان میں ان کی ٹیم کے ایک رکن نے کہا، 'نشرت بدقسمتی سے اسرائیل میں پھنس گئی ہیں، وہ حیفہ انٹرنیشنل فلم فیسٹیول میں شرکت کے لیے وہاں گئی تھیں جہاں اُن کی فلم اکیلی کو منتخب کیا گیا تھا'۔

ٹیم کے ممبر نے بتایا کہ آخری بار میرا ان سے رات 12.30 بجے کے قریب رابطہ ہوا تھا، جب وہ ایک تہہ خانے میں محفوظ تھی، حفاظتی اقدامات کے لیے مزید تفصیلات ظاہر نہیں کی جا سکتیں۔ 

بھروچا کی ٹیم کے رکن کا کہنا ہے کہ  اس کے بعد سے، ہم رابطہ نہیں کرسکے، ہم نشرت کو بحفاظت ہندوستان واپس لانے کی کوشش کر رہے ہیں اور امید کرتے ہیں کہ وہ بہترین صحت اور بغیر کسی نقصان کے واپس لوٹیں گی۔

واضح رہے کہ ہفتے کی صبح ساڑھے 6 بجے سے اتوار کی صبح تک جاری راکٹ حملوں، فائرنگ اور یرغمال بنائے جانے کی کارروائیاں جاری رہیں، جن میں 500 سے زائد اسرائیلی ہلاک جبکہ 1800 سے زائد زخمی کیے گئے اور نامعلوم تعداد میں فوجی اورشہری یرغمال بنا لیے گئے۔

حماس کی جانب سے یرغمال بنائے گئے اسرائیلی شہریوں میں فلسطینیوں کے خلاف کارروائی کے انچارج میجر جنرل نمرود الونی بھی مبینہ طورپر شامل ہیں۔

حماس کی جانب سے ’الاقصی فلڈ آپریشن‘ کا آغاز ہفتے کی صبح ساڑھے 6 بجے 5 ہزار راکٹ اسرائیل پر داغ کر کیا گیا جس سے اسرائیلی شہروں میں افراتفری پھیل گئی۔

مزید خبریں :