اسرائیل میں پھنسی بالی وڈ اداکارہ ممبئی پہنچ گئیں

اداکارہ 39 ویں حیفہ انٹرنیشنل فلم فیسٹیول کے لیے اسرائیل گئی تھیں جس میں اُن کی فلم اکیلی کو منتخب کیا گیا تھا__فوٹو: فائل
اداکارہ 39 ویں حیفہ انٹرنیشنل فلم فیسٹیول کے لیے اسرائیل گئی تھیں جس میں اُن کی فلم اکیلی کو منتخب کیا گیا تھا__فوٹو: فائل

ہفتے کے روز فلسطین اور اسرائیل کے درمیان ہونے والی کشیدگی کے باعث اسرائیل میں پھنس جانے والی بالی وڈ اداکارہ نشرت بھروچا بحفاظت ممبئی پہنچ گئیں۔

اداکارہ 39 ویں حیفہ انٹرنیشنل فلم فیسٹیول کے لیے اسرائیل گئی تھیں جس میں اُن کی فلم اکیلی کو منتخب کیا گیا تھا تاہم گزشتہ روز حماس کے اسرائیل پر حملے کے بعد بالی وڈ اداکارہ وہیں پھنس گئی تھیں۔

اداکارہ کے ٹیم ممبر نے بتایا تھا کہ جب آخری بار ان کی نشرت سے بات ہوئی تو وہ تہہ خانے میں محفوظ تھیں جس کے بعد نشرت بھروچا  کا اسرائیل میں اپنی ٹیم سے رابطہ منقطع ہوگیا۔

تاہم بعد ازاں نشرت بھروچا کی ٹیم نے اداکارہ سے  رابطہ ہونے کی تصدیق کر دی تھی۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق نشرت بھروچا کی ٹیم ممبر نے بھارتی میڈیا کو بتایا  تھا کہ 'نشرت سے رابطہ ہوچکا ہے اور وہ خیریت سے ہیں، سفارت خانے کی مدد سے اداکارہ کو بحفاظت وطن واپس لایا جا رہا ہے'۔

تاہم اتوار کی شام کو نشرت بھروچا بحفاظت ممبئی ائیرپورٹ پہنچ گئیں، جس کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہیں۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیل سے ممبئی پہنچنے پر اداکارہ نے ائیرپورٹ پر صحافیوں سے بات کرنے سے انکار کیا۔

والدہ کا اظہار مسرت:

اس سے قبل بیٹی سے رابطہ نہ ہونے پر اداکارہ کی والدہ نسرین خاصی پریشان تھیں، جنہوں نے اب خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اور ان کی فیملی نشرت کی واپسی کا بے صبری سے انتظار کر رہی ہے۔

مزید خبریں :